ادارے نیوٹرل ہیں یا نہیں دیکھنے کیلئے نواز شریف واپس آرہے ہیں‘ جاوید لطیف

اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ(ن)کے سینئر راہنما اور وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ نواز شریف نتائج کی پروا ہ کئے بغیر وطن واپس آ رہے ہیں، ہم دیکھنا چاہتے ہیں کہ ادارے کس حد تک نیوٹرل ہیں، ریاست اور ملک کیساتھ جو کچھ ہوا اس کا حساب لیا جانا ضروری ہے، شہباز گل وہ طوطا ہے جس میں عمران خان سمیت کئی دوسرے لوگوں کی جان ہے،کیونکہ شہباز گل نے تفتیش میں پہلے دن جو بتایا وہی ان کے لیے خطرناک ہے،عمران خان کو اصل ڈر یہ ہے کہ کہیں وہ ڈوریں ہلانے والوں کا نام نہ بتا دے، اس طوطے سے ساری باتیں معلوم کر کے پبلک کی جانا چاہیں،ملک اب حقیقی قیادت کے بغیر نہیں چل سکتا، کسی پر بھی تشدد کے خلاف ہیں لیکن یہاں دوسری گیم کھیلی جا رہی ہے۔جمعرات کو یہاں اسلام آباد میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے میاں جاوید لطیف نے کہاکہ نواز شریف نتائج کی پروا کئے بغیر واپس آ رہے ہیں، ہم دیکھنا چاہتے ہیں کہ ادارے کس حد تک نیوٹرل ہیں،ریاست اور ملک کیساتھ جو کچھ ہوا اس کا حساب لیا جانا ضروری ہے۔ جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ شہباز گل وہ طوطا ہے جس میں کئی لوگوں کی جان ہے، کسی پر بھی تشدد کے خلاف ہیں لیکن یہاں دوسری گیم کھیلی جا رہی ہے، اڈیالہ جیل پنجاب حکومت کے زیر انتظام ہے اگر تشدد ہوا ہے تو وزیر داخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر بتائیں،تین بار کے وزیراعظم اور ان کے خاندان کے ساتھ جیلوں میں کیا کچھ نہیں ہوا، نواز شریف اور اسکی بیٹی کے ساتھ جو کچھ حوالات میں ہو رہا تھا اگرنواز شریف اسکا چوتھا حصہ بھی بتا دے تو ملک میں خون ریزی ہو جائے، جاوید لطیف کا مزید کہنا تھا کہ میرے خلاف غداری کا مقدمہ بنایا گیا تو مجھے جیل میں 6 بائی 4کے کمرے میں رکھا گیا جہاں جون جولائی کے مہینے میں ایک ہزار واٹ کے چالیس بلب لگائے گئے تھے، مجھ سے کہا جاتا تھا کہ آپ کے رونے کی آواز عمران خان کو سنانی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں