پاکستان میں عمران خان مقبول ترین رہنما ،ان کے برابر کا کوئی لیڈر نہیں، فواد چوہدری
اسلام آباد(انتخاب نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ، عمران خان پاکستان کے مقبول ترین رہنما ہے، ان کے برابر کا کوئی لیڈر نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی پر بنائے گئے دہشت گردی کے مقدمہ کی کوئی قانونی اہمیت نہیں،حکومت نے نئے انتخابات کے مطالبہ پر غور نہ کیا تو پاکستان میں افراتفری پھیلنے کا امکان ہے۔ بی بی سی کو دیئے گئے انٹرویو میں فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں اس سے قبل کبھی ایسا نہیں ہوا کہ سیاسی مخالفین کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات قائم کرنے کے لئے ایسے الزامات عائد کئے جائیں جس طرح عمران خان پر عائد کئے جا رہے ہیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ شہباز گل کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور اغوا کیا گیا، مجسٹریٹ نے تشدد کے الزامات کی تحقیقات کئے بغیر انہیں پولیس کے حوالے کیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کہا کہ تشدد کے الزامات کی تحقیقات نہ کرنے پر وہ مجسٹریٹ کے خلاف مقدمہ دائر کریں گے، اس بنیاد پر دہشت گردی کا مقدمہ بنایا گیا ہے جس کی کوئی قانونی اہمیت نہیں۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت نے گزشتہ روز جب عمران خان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تو ہزاروں کارکن سڑکوں پر آگئے، عمران خان پاکستان کے مقبول ترین رہنما ہے، پاکستان میں ان کے برابر کا کوئی لیڈر نہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کا عمران خان کے حق میں باہر نکلنا ان کی عمران خان سے محبت کا اظہار ہے، اس وقت پاکستان میں کٹھ پتلی حکومت اسٹیبلشمنٹ کی مدد سے حکومت کر رہی ہے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کٹھ پتلی حکومت کے پاس اپنی حکومت جاری رکھنے کا کوئی قانونی یا اخلاقی جواز نہیں جبکہ ہم الیکشن چاہتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کے عوام کو حکومت کے انتخاب کا موقع دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت موجودہ وزیراعظم کے پاس قومی اسمبلی کی 84 نشستیں ہیں اور وہیں عمران خان کے پاس 155 نشستیں ہیں، آپ تصور کر سکتے ہیں کہ ایک اقلیت اس وقت پاکستان پر حکومت کر رہی ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ ان کے پاس حکومت کرنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں، حکومت نے پاکستان کے متوسط طبقے کی کمر توڑ دی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پچھلے پچاس سالوں کے مقابلے میں اس وقت مہنگائی بلند ترین سطح پر ہے، حکومت نے نئے انتخابات کے مطالبہ پر غور نہ کیا تو پاکستان میں افراتفری پھیلنے کا امکان ہے۔ فواد چوہدری نے مزید کہا کہ فوج کا پاکستان کی تاریخ میں وسیع سیاسی کردار رہا ہے۔


