کاہان کا دیگر شہروں سے زمینی رابطہ منقطع، مکین محصور، دکی میں 10 سالہ جاں بحق
کوہلو، دکی (انتخاب نیوز) گزشتہ 14 روز سے تحصیل کاہان کا زمینی راستہ منقطع، مکین محصور ہو کر رہ گئے، اشیائے خورونوش کی شدید قلت، مکینوں کی جانب سے مدد کی اپیل۔ بلوچستان بھر کی طرح ضلع کوہلو میں بھی حالیہ مون سون بارشوں نے تباہی مچا دی، 9 افراد جاں بحق جبکہ 24 افراد زخمی ہوئے، ساڑھے تین ہزار سے زائد مویشی بھی سیلابی ریلوں کی نظر ہوگئے، رابطہ سڑکیں بہہ گئیں، رابطہ سڑکیں بہہ جانے سے گزشتہ 14 روز سے تحصیل کاہان کا بھی زمینی راستہ منقطع ہوچکا ہے، وہاں کے مکینوں نے بذریعہ ٹیلیفون بتایا کہ کاہان کے کچے مکانات منہدم ہوگئے، اشیائے خورونوش کی شدید قلت پیدا ہوگئی۔ ضلعی انتظامیہ و صوبائی حکومت نے توجہ نہیں دی، سیکٹروں افراد لقمہ اجل بن سکتے ہیں۔ انہوں نے پی ڈی ایم اے صوبائی وزرا، کمشنر سبی ڈویژن، ڈپٹی کمشنر کوہلو و سابق صوبائی وزیر داخلہ نواب گزین مری سے مدد طلب کی۔ علاوہ ازیں دکی میں کلی حاجی زمان ناصر میں بارش سے متاثرہ مکان کی چھت گرگئی، ہسپتال ذرائع کے مطابق چھت گرنے سے دس سالہ بچہ جاں بحق ہوا جبکہ والد اور والدہ زخمی ہوگئے۔ جاں بحق بچے کی شناخت شعیب خان ہوتک کے نام سے ہوئی، زخمیوں میں شراف الدین اور اسکی اہلیہ شامل ہے، زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد لورالائی منتقل کردیے گئے۔


