جیکب آباد، موبائل ٹاور کا ملازم تشدد کے بعد قتل، ہاتھ پیر بندھی لاش برآمد
جیکب آباد (انتخاب نیوز) جیکب آباد میں موبائل ٹاور کا ٹیکنیکل ملازم تشدد کے بعد قتل، ہاتھ پیر بندی لاش ریلوے گودام سے ملی، ورثاء کا پریس کلب کے سامنے لاش رکھ کر احتجاج، قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ۔ جیکب آباد کے سول لائن تھانے کی حدود ریلوے گودام کے قریب فیملی لائن کے رہائشی موبائل کمپنی ٹاور کے ٹیکنیکل ملازم پرویز شیخ کی تشدد زدہ ہاتھ پیر بندھی لاش ملی ہے اطلاع پر پولیس نے جائے وقوعہ پہنچ کر لاش پوسٹ مارٹم کے لئے سول ہسپتال منتقل کی جس کے بعد ورثاء کے حوالے کی گئی۔ واقعے کیخلاف خالد پٹھان، صدام علی، حبیب الرحمن چنا، محمد حیات ابڑو، غلام قمبر شیخ اور دیگر نے لاش پریس کلب کے سامنے رکھ کر سخت احتجاج کیا۔ مظاہرین نے ایس ایس پی سے مطالبہ کیا کہ قاتلوں کو جلد گرفتار کرکے انصاف کیا جائے، ظلم ہوا ہے بارش کی تباہ کاریوں سے پہلے ہی پریشان ہیں، اب نوجوان بھی قتل کرکے چھینے جا رہے ہیں، یہ زیادتی ہے، مقتول چار معصوم بچوں کا باپ تھا، واقعے کے بعد کار نمبر aws519 بھی گم ہے، ان بچوں کو یتیم کرنے والے درندوں کو سخت سزا دی جائے۔


