سیلاب سے متاثرہ پلوں، شاہراہوں اور سڑکوں کی بحالی اولین ترجیح ہے، قدوس بزنجو
کوئٹہ (انتخاب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان سیلاب متاثرین تک فوری امداد کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے، ہما ری کوشش ہے کہ نقصانات کے سروے کا عمل جلد مکمل کر کے متاثرین کو مالی معاونت کی فراہمی شروع کی جائے۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع سے ملاقات کے دوران گفتگو کر تے ہوئے کہی۔ ملا قات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور امداد و بحالی سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو نے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت متاثرین تک فوری امداد کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے ذرائع مواصلات متاثر ہونے سے امداد ی سرگرمیوں میں مشکلات درپیش ہیں۔انہوں نے کہاکہ سیلاب سے متاثرہ پلوں شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں کی بحالی اولین ترجیح ہے مواصلاتی رابطوں کی بحالی سے امدادی سرگرمیوں میں تیزی آئی گی۔وزیر اعلیٰ نے کہاکہ حکومت کی کوشش ہے کہ نقصانات کے سروے کا عمل جلد مکمل کر کے متاثرین کو مالی معاونت کی فراہمی شروع کی جائے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی میں صوبائی حکومت کی بھرپور معاونت کرے گی۔


