سیلاب متاثرین کو امدادی سامان نہ ملنے، بجلی، گیس پانی کی عدم فراہمی پر کوئٹہ کراچی شاہراہ پر دھرنا
منگچر (انتخاب نیوز) جمعیت علما اسلام کی جانب سے متاثرین سیلاب کے سامان کی تقسیم کے طریقہ کار بجلی، پانی اور گیس کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف منگچر کے مقام پر احتجاجا کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ بلاک کردیا، جمعیت علما اسلام کی جانب سے بجلی گیس اور پانی کی بحران اور سیلاب متاثرین کے امدادی سامان کی تقسیم کے طریقہ کار کے خلاف ساڑھے گیارہ بجے دن دھرنا دیکر کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ جوہان کراس بازار کے مقام پر بلاک کردیا جس کے باعث دونوں جانب سینکڑوں گاڑیاں اور ہزاروں مسافر پھنس کر رہ گئے۔ اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ دوہفتوں سے زائد کے عرصے سے بجلی کی مسلسل بندش سے روز مرہ زندگی شدید متاثر ہوکر رہ گئی ہے بجلی کے بندش سے پانی کا بحران بھی شدت اختیار کرگیا ہے لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں جو ایک انسانی المیہ سے کم نہیں ہے اس کے علاوہ سیلاب متاثرین کے امدادی سامان کی تقسیم میں بھی من پسندی اور من مانی کی جارہی ہے حقیقی متاثرین کو نظر انداز کرکے اور بنیادوں پر تقسیم کی جارہی ہے جس پر ہم احتجاج کررہے ہیں اس موقع پر ڈپٹی کمشنر قلات کیپٹن ر مہراللہ بادینی کے خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر قلات جہانزیب بلوچ، تحصیلدار منگچر محموداحمد کرد، رسالدار میجر علی اکبر مینگل، ایس ایچ او لیویز تھانہ منگچر علی اصغر نیچاری ودیگر نے مظاہرین سے مذاکرات کرکے ہڑتال ختم کروایا۔


