کراچی سے اندرون ملک ٹرین سروس بند، قلی بے روزگاری سے پریشان
کراچی (انتخاب نیوز) سندھ اوربلوچستان میں سیلابی صورتحال کے باعث ملک بھر کا ٹرین آپریشن معطل ہونے سے کراچی کا کینٹ اسٹیشن ویران ہوگیا ہے۔ بدھ کو کراچی سے اندرون ملک جانے کے لیے کوئی بھی ٹرین نہیں چلی۔کراچی کے مصروف ترین کینٹ ریلوے اسٹیشن پر آج کل ویرانی کے ڈیرے ہیں۔مسافروں اور ان کے سامان کا تعاقب کرتے قلی کام نہ ملنے کی وجہ سے پریشان ہیں۔کینٹ ریلوے اسٹیشن پرچھائی ویرانی نے دیکھنے والوں کوحیران کردیاہے۔سیلاب کے باعث ٹرینوں کا پہیہ تو رکا ہی لیکن ان کے ساتھ ان سیکڑوں مزدوروں کی معیشت کا پہیہ بھی رک گیا جن کا روزگار صرف ٹرینوں کی آمدورفت سے وابستہ تھا۔ٹرینیں معطل ہونے سے شہری سستے سفر سے محروم ہوگئے ہیں۔پاکستان ریلوے حکام کے مطابق جب تک ٹریک سے پانی مکمل طور پر صاف نہیں ہوجاتا ٹرین سروس بحال نہیں ہوگی۔محکمہ ریلوے کی جانب سے بتایا گیا کہ اس وقت صرف خیبرمیل اپ اور ڈاؤن ملتان اور پشاور کے درمیان چلتی رہے گی۔حکام نے بتایاکہ ٹرین آپریشن کی بحالی سے پہلے پاکستان ریلوے کو تباہ حال انفرا اسٹریکچر کو بہتر بنانا ہوگا تا کہ دوبارہ اس طرح کی صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔


