کوئٹہ ریڈ زون دھرنے کے 43 دن، کل روڈ بلاک کریں گے، لواحقین
کوئٹہ (انتخاب نیوز) زیارت واقعے کے بعد گورنر ہاؤس کے سامنے ریڈ زون میں جاری بلوچ لاپتہ افراد کے لواحقین کے احتجاجی دھرنے کو آج 43 دن مکمل ہوگئے۔ 43 سے مسلسل دن رات موسم کی شدت اور ایک ہفتے کی شدید بارشوں میں باہر خیمے میں دھرنے پر بیٹھنے سے لواحقین کی طبیعتیں بگڑتی جا رہی ہیں، آج سمی دین بلوچ کی طبیعت مسلسل خراب تھی اور اسے شدید بخار تھا۔ دریں اثناء لواحقین نے اعلان کیا ہے کہ وہ کل صبح دس بجے سے جی پی او چوک اور سرینا چوک ٹریفک کیلئے بند کریں گے، کسی بھی ایمرجینسی حالت میں روڈ نہیں کھولا جائے گا۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ اس دن کوشش کرے کہ متبادل راستہ اختیار کریں، اگر اس سے عام لوگوں کو تکلیف پہنچے گی تو اسکی ذمہ دار ریاست ہوگی، جو اپنے شہریوں کو سننے، انکے جائز مطالبات پر عملدرآمد کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔ لواحقین نے کہا کہ وہ انتہائی مجبوری کی حالت میں روڈ بلاک کے احتجاجی پروگرام کو وسعت دے رہے ہیں کیونکہ حکومت ان کے مطالبات پر عملدرآمد کیلئے بالکل بھی سنجیدہ نظر نہیں آرہی، پچھلی دفعہ روڈ بلاک پر بھی ان سے ملاقاتوں اور مسئلے کے حل کی یقین دہانیاں اور وعدے کیے گئے مگر سیول انتظامیہ کے ذمہ داران اپنے وعدوں سے مکر گئے اور افسوس ہے کہ بعد میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔


