حکومت کیساتھ مخیر حضرات بھی سیلاب زدگان کی مدد کریں،محمود خان اچکزئی
کوئٹہ (آئی این پی) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے حالیہ بارش اور سیلابوں سے شدید طور پر متاثرہونیوالے کوئٹہ کے وادی ہنہ اوڑک کے علاقے کادورہ کیا۔ انہوں نے ہنہ اوڑک کے مختلف دیہاتوں میں ہونیوالی تباہ کاریوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہنہ مدرسے جاکر علماء کرام اور طالب علموں سے بات چیت کی۔ انہوں نے ہنہ نواں کلی بائی پاس پر سیلاب متاثرین کیلئے لگائے گئے عوامی کیمپ میں بھی شرکت کی۔ اس موقع پر مختلف مقامات پر علاقہ مکینوں، بزرگوں، جوانوں، طالب علموں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بارش اللہ تعالیٰ کی رحمت ہے ہمیں ایسی تمام رحمتوں پر خدا کا شکر ادا کرنا چاہیے طویل خشک سالی، زیر زمین پانی کی سطح کی کمی کے باعث یہ کہ لوگ ایک علاقے سے دوسرے علاقے پر منتقل ہونے پر مجبور ہوئے بلکہ زمیندار وں، کسانوں کوسخت ترین مشکلات سے دوچار ہونا پڑا ان کے باغات، فصلات خشک ہوچکے تھے۔ پارٹی کے دور حکومت میں مختلف اضلاع میں بننے والے ڈیمز میں بھی کافی پانی سٹور ہوچکا ہے جو کہ مذکورہ علاقوں کے عوام اور زمینداروں کیلئے فائدہ مند ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ بعض علاقوں میں ہونیوالی انسانی جانوں کے ضیاع، باغات وفصلات واملاک کی تباہیاں قابل افسوس ہے لیکن ہمیں ان پر صبر کرنا چاہیے، پانی ہمیشہ اپنا راستہ خود بناتی ہے ہمارے لوگوں کو پانی کے راہ میں رکاوٹیں نہیں بنانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ زکوۃ ہم پر فرض ہے لیکن اس فرض کی ادائیگی میں تمام لوگ سستی کرتے ہیں اگر ہر ضلع میں صرف چند کاروباری حضرات اپنے حصے کا حقیقی معنوں میں زکوۃ دیں تو اْس علاقے میں کوئی بھی ایسا غریب نہیں رہیگا جو رات کی روٹی کھائے بغیر سوسکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہر علاقے کے متاثرہ عوام کی زندگی کی بحالی اور ان کے ساتھ ہر قسم کی تعاون ومدد کریں، جن علاقوں میں نقصانات ہوئے ہیں وہاں ہر شعبے سے متعلق سروے کرکے ان کے نقصانات کا ازالہ کیا جاسکتا ہے راستوں کی بحالی باقی ماندہ انفراسٹریکچر کو محفوظ کرنے کیلئے تمام تر مشینری اور وسائل وغیرہ کی بروقت فراہمی کرکے متاثرہ لوگوں، زمینداروں، کسانوں کی مدد کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے ہنہ مدرسہ میں زیر تعلیم بچوں، قرآن حافظ اور علماء کرام کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بچوں کو دینی علم کے ساتھ ساتھ سائنسی علم کی فراہمی بھی انتہائی ضروری ہے دنیا کی جدید ترقی یافتہ ممالک میں علم کو ان کی اپنی مادری زبان میں فراہم کی جاتی ہے دنیا میں ایسا ملک بھی ہے جس کے کسی تعلیمی ادارے میں اگر کوئی ایک بچہ کوئی زبان بولتاہو تو اْس کیلئے الگ سے اْستاد کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ ہمارے حافظ قرآن بچوں کیلئے ضروری ہے کہ وہ قرآن پاک کا ترجمہ بھی پڑھیں اور مکمل دینی علم حاصل کرنے کیلئے بھرپور محنت کرے۔انہوں نے مدرسہ کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور ایک ڈائری میں وہاں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیئے۔ انہوں نے سیلابی ریلے میں بہہ جانیوالے حاجی عین الدین کاکڑ شہید کے گھر جاکر ان کیلئے دعائے مغفرت اور لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہو ں نے کہا کہ ہنہ اوڑک کے متاثرہ علاقے کے عوام کی زندگی کی بحالی اور ہر شعبہ میں ہونیوالے نقصانات پر پارٹی حکومت وقت پر زور دیگی کہ وہ ان نقصانات کا ازالہ کرنے کے ساتھ ساتھ عوام کی بھرپور مدد وتعاون کرے۔


