لسبیلہ کی انتظامی تقسیم کیخلاف ضلع بھر میں پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن، آر ڈی سی شاہراہ پر دھرنا
بیلہ (انتخاب نیوز) لسبیلہ کی انتظامی تقسیم کیخلاف جام گروپ نے ضلع بھر میں پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کردی، آر سی ڈی شاہراہِ پر رکاوٹیں کھڑی کر کے سڑک بلاک کردی۔ حب کو نیا ضلع بنانے کے حکومتی فرمان اور لسبیلہ کی انتظامی تقسیم کیخلاف جام گروپ لسبیلہ کے رہنماؤں اور کارکنوں نے ضلع بھر میں مختلف علاقوں میں کوئٹہ کراچی آر سی ڈی شاہراہِ احتجاجا بند کردی یہاں بیلہ میں جام گروپ کے سردار روائیداد رونجھو رہنما سردار غلام سرور چنا سردار عمران گلاب رونجھو کھوسہ برادری لسبیلہ کے سربراہ میر مبشر عزیز کھوسہ، سردار زادہ عبدالحکیم مانگیا، سید شاہجہان شاہ آغا محمد گدور ودیگر کی مظاہرین کی قیادت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ لسبیلہ کی تقسیم ہمیں کسی صورت بھی منظور نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حب کو الگ نیا ضلع بنانے کے حکومتی فیصلے اور جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کو ہم مسترد کرتے ہیں، ضلع کی تقسیم کا فیصلہ سراسر غلط اور لسبیلہ کے مقامی لوگوں کی امنگوں کیخلاف ہے، جسے حکومت بلوچستان واپس لے اور نوٹیفکیشن منسوخ کیا جائے۔ مظاہرین کی بڑی تعداد تھی جنہوں نے ضلع کی انتظامی تقسیم کیخلاف نعرے بازی کی۔ آر سی ڈی شاہراہِ بلاک ہونے کے سبب ہزاروں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔


