تجارت، زراعت اور کانکنی کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہوگا، ماہرین
کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ سائنسز (بیوٹمز) کے شعبہ آفس آف ریسرچ انوینشن اینڈ کمرشلائزیشن (ORIC) کی ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر جانین پانیزئی، ڈپٹی ڈائریکٹر سید عثمان اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر مس سحر منیر نے کہا ہے کہ بلوچستان میں صنعت وتجارت، زراعت، کانکنی ودیگر شعبوں کو سائنسی خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے۔ اس مقصد کیلئے بیوٹمز کا شعبہ (ارک) ریسرچ کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران و ممبران سے ملاقات کا مقصد ان شعبوں کے متعلق آگاہی حاصل کرنا ہے، جن میں ریسرچ کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران و ممبران کے ساتھ منعقدہ اجلاس کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس سے قبل چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے صدر فدا حسین دشتی، سینئر نائب صدر محمد ایوب مریانی اور نائب صدر امجد علی صدیقی و دیگر نے بیوٹمز یونیورسٹی کے وفد کو چیمبر آنے پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں روایتی طرز صنعت و تجارت، زراعت اور کانکنی کے باعث یہ شعبہ جات ترقی کے بجائے تنزلی کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ دور جدید میں فرسودہ طرز تجارت، زراعت اور کانکنی کے خاتمے کیلئے ریسرچ کی ضرورت ہے، بدقسمتی سے صنعتکاروں، زراعت اور کانکنی سمیت دیگر شعبوں سے منسلک افراد اور ریسرچ کرنے والے اداروں کے درمیان کمیونیکیشن گیپ ہے، جس کی وجہ سے نہ تو پیداواری و دیگر شعبہ جات کو جدید خطوط پر استوار کرنا ممکن ہوسکا ہے،ہنا ہی ریسرچ کرنے والے اپنے مطلوبہ نتائج کے حصول میں کامیاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی بلوچستان میں لوگ باغات اور کھیتی باڑی کو سیلابہ طرز پر سیراب کرتے ہیں بلکہ کانکنی کیلئے وہ طریقہ کار اپنایا جارہا ہے، جو 1850ء میں دنیا میں رائج تھا، اسی لئے ان شعبوں سے اس طرح ہم مستفید نہیں ہو پارہے جس طرح ہونا چاہیے تھا۔ جامعات بلوچستان کی بزنس کمیونٹی اور ان شعبوں سے وابستہ افراد کی رائے لیکر ریسرچ کرے، جہاں انہیں ضرورت ہے تو بہتر ہوگا۔ بیوٹمز کی ریسرچ کے شعبہ سے وابستہ ٹیم کا یہاں آنا خوش آئند ہے اس کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہنا چاہیے۔ اس موقع پر بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ منیجمنٹ سائنسز بیوٹمز کے شعبہ آفس آف ریسرچ انوینشن اینڈ کمرشلائزیشن (ORIC) کی ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر جانین پانیزئی، ڈپٹی ڈائریکٹر سید عثمان اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر مس سحر منیر نے کہا کہ بیوٹمز میں مختلف شعبوں میں ماہرین کی جانب سے ریسرچ جاری ہے، البتہ اس سلسلے میں طویل المدتی منصوبوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ بلوچستان میں کام کرنے کے مواقعوں اور پوٹینشل کی کمی نہیں البتہ جامعات کے ریسرچ کے شعبے اور مختلف اسٹیک ہولڈرز کو ایک مشترکہ مہم چلانی چاہیے، پیداواری سمیت مختلف شعبوں میں ترقی تب ممکن ہوگی جب انہیں سائنسی خطوط پر استوار کیا جائے۔ اس وقت بلوچستان میں صنعت و تجارت، زراعت، کانکنی ودیگر شعبوں کو سائنسی خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے، اس مقصد کے لئے بیوٹمز کا شعبہ ارک ریسرچ کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں،چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران و ممبران سے ملاقات کا مقصد ان شعبوں کے متعلق آگاہی حاصل کرنا ہے جن میں ریسرچ کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے اجلاس کے دوران چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران و ممبران کو جاری ریسرچ و دیگر سے متعلق بریفینگ بھی دی گئی۔


