بلوچستان سیلاب، مزید 8افراد جاں بحق، کل تعداد 278 ہو گئی
کوئٹہ(انتخاب نیوز) بلوچستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سیلاب کے نتیجے میں ہونے والے حادثات میں مزید 8افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، پرونشل ڈیزاسٹڑ منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے )کے مطابق بلوچستان میں بارشوں اور سیلاب سے مختلف واقعات میں 278 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔پی ڈی ایم اے کاکہنا ہے کہ گزشتہ روز بلوچستان میں جاں بحق ہونے والوں میں 6 مرد اور 2خواتین شامل ہیں ، صوبے میں بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 172 افراد زخمی ہوچکے ہیں جبکہ سیلابی ریلوں اور بارشوں سے مجموعی طور پر بلوچستان میں 64 ہزار 385 مکانات نقصان کا شکار ہوئے تو وہیں 2 لاکھ 70 ہزار 444 سے زائد مال مویشی سیلابی ریلوں کی نذر ہوگئے ہیں۔پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق اب تک مجموعی طور پر دو لاکھ ایکڑ زمین پر کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا،صوبے میں سیلابی ریلوں میں 22 پل گر گئے جبکہ2 ہزار 200کلو میٹر پر مشتمل مختلف شاہراہیں بھی شدید متاثر ہوئیں۔


