وزیر خزانہ خیبر پختونخوا کوٹیلی فون کال، شوکت ترین ایف آئی اے میں طلب

اسلام آباد (انتخاب نیوز) ٹیلی فون کال کے معاملے پر ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل اسلام آباد نے سابق وزیرخزانہ شوکت ترین کو آج (بدھ کو)طلب کرلیا۔سابق وزیرخزانہ شوکت ترین اور وزیرخزانہ خیبر پختونخوا تیمور جھگڑا کے درمیان فون کال کے معاملے پرایف آئی سائبر کرائم سرکل اسلام آباد نے سابق وزیرخزانہ کو طلبی کا نوٹس جاری کردیا۔ شوکت ترین کو21 ستمبر صبح 10بجے سائبر رپورٹنگ سینٹر اسلام آباد میں پیش ہونے کے لیے کہا گیا ہے۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیرخزانہ شوکت ترین کے خلاف انکوائری 15 ستمبر کو ارشد محمود کی درخواست پر خیبرپختونخوا کے وزیرخزانہ تیمور جھگڑا سے فون کال کی بنیاد پر شروع کی گئی۔نوٹس کے متن میں شوکت ترین کو مخاطب کرکے کہا گیا ہے کہ فون کال میں آپ تیمور جھگڑا کو اکسا رھے ہیں کہ خیبر پختونخواہ حکومت وفاقی حکومت کوفسکل بجٹ کی اضافی رقم واپس نہ کرے تاکہ ایسا کرنے سے وفاقی حکومت اورآئی ایم ایف کے درمیان مسائل پیدا ہوں۔آپ ذاتی حیثیت میں 21ستمبر صبح 10بجے ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل میں پیش ہوں تاکہ آپکا بیان ریکارڈ کیا جاسکے۔اگر آپ پیش نہ ہوئے تو اسکا مطلب ہوگا کہ آپ کے پاس دفاع میں کہنے کے لیے کچھ نہیں۔گزشتہ مہینے شوکت ترین اورتیمور جھگڑا اور پنجاب کے وزیرخزانہ محسن لغاری کی فون پر کی گئی گفتگو منظر عام پر آئی تھی جس میں سابق وزیرخزانہ مختلف اقدامات کے ذریعے وفاقی حکومت پر دباؤ بڑھانے کے بارے میں بات کررہے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں