اوتھل میں منشیات کی سرعام فروخت، پولیس کارروائی سے گریزاں
اوتھل (انتخاب نیوز) لسبیلہ کے صدر مقام شہر اوتھل میں خطرناک منشیات کرسٹار کی فروخت سرے عام جاری ہے،اوتھل پولیس منشیات فروشوں کیخلاف کارروائی سے گریزاں، دن اور رات شہر کے مصروف ترین علاقے میں نشئیوں اور منشیات فروشوں کی نقل و حرکت نے علاقے میں مستقبل کے معمار طلبا اور معصوم شہریوں کے منشیات کی لت میں مبتلا ہونے کے حوالے سے خدشہ پیدا کردیا ہے ، اوتھل شہر کے ایک گنجان آبادی اور مصروف ترین شاہراہ پر واقع ایک مکان میں مبینہ طور پر منشیات کی ڈیلنگ اور منشیات کے عادی افراد کو سرے عام فروخت کرنے کا سلسلہ شدت اختیار کرچکا ہے ، علاقے میں مذہبی عبادت گاہ ، مختلف مذاہب کی متفرق آبادی اور اسکول واقع ہونے کے باعث علاقے کا نام منظر عام پر نہیں لایا جارہا ہے تاہم اوتھل کے مرکزی بازار کے ساتھ واقع گنجان آبادی اور مصروف ترین علاقے میں ہونے والی اس مبینہ طور پر منشیات کی فروخت کی روک تھام کے لئے اقدامات ضروری ہیں ، زرائع کے مطابق اوتھل میں اس منشیات کے اڈے کے علاوہ کسی جگہ کرسٹار نہیں ملتا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر مذکورہ اڈے پر لاکھوں روپئے کی خطرناک منشیات فروخت کی جاتی ہے زرائع کے مطابق منشیات فروش کی جانب سے دو کارندے مقرر کئے گئے ہیں جو کہ دن رات نشئیوں کو منشیات فروخت کرتے رہتے ہیں تاہم منشیات کی روک تھام کے لئے کام کرنے والے انتظامی اداروں کے اہلکار یہاں اپنی آنکھیں مکمل طور پر بند کرکے بیٹھے ہیں جو کہ سوالیہ نشان ہے اور منشیات کے تدارک کے لئے کوئی اقدامات نظر نہیں آرہے ہیں حکومت کی جانب سے منشیات کے تدارک کے لئے نئے بل کی منظوری کے بعد علاقائی سطح پر ہنگامی بنیادوں پر انسداد منشیات آپریشن شروع کیا جانا چاہئے تاکہ شہری اس خوفناک صورتحال کے سامنے سے محفوظ رہ سکیں اور واضح رہیکہ اوتھل میں منشیات کی فروخت ہونے کے باعث نشئیوں نے بڑی تعداد میں ڈھیرے ڈال رکھے ہیں جس کے باعث مختلف نوعیت کی وارداتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے اور شہری اپنے آپ کو غیر محفوظ تصور کرنے لگے ہیں ، عوامی حلقوں کا ہمیشہ انتظامیہ سے مطالبہ رہا ہے کہ شہر سے منشیات اور دیگر جرائم کے خاتمے کے لئے اقدامات کئے جائیں جس کے لئے مختلف اوقات میں عوامی حلقوں کی جانب سے تحریکیں بھی چلائیں گئیں۔


