بلوچستان میں سیلاب سے محکمہ صحت کاانفرا اسٹرکچر بھی بہت زیادہ متاثر ہوا، اسفند یار بلوچ

کوئٹہ (انتخاب نیوز) حالیہ بارشوں اورسیلابی ریلوں نے بلوچستان کوبہت زیادہ متاثرکیا، جس سے نہ صرف گھراورمکانات منہدم ہوگئے بلکہ ہزاروں ایکڑاراضی پرمشتمل باغات اورتیارفصلات ختم ہوگئے، سیلابی ریلوں کی زدمیں آکر بڑی تعدادمیں مال مویشی بھی مرگئے ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کوشدیدمشکلات کاسامناکرناپڑرہا ہے۔ سیلابی صورتحال میں دیگرشعبوں کی طرح محکمہ صحت کاانفراسٹرکچربھی بہت زیادہ متاثر ہواہے، بلوچستان کے بیشتراضلاع میں ہسپتالوں اوربنیادی مراکزصحت(BHUs) کوبھی نقصان پہنچاہے جس کی وجہ سے لوگوں کو طبی امدادکی فراہمی میں دشواری کاسامناکرناپڑرہا ہے۔PPHIبلوچستان کے زیرانتظام صوبہ بھرمیں 735بنیادی مراکزصحت (BHUs)فعال ہیں مگرحالیہ طوفانی بارشوں اورسیلاب سے صوبے کے 34میں سے 25اضلاع کے196بنیادی مراکزصحت (BHUs)کو نقصان پہنچاہے جن میں سے 24بنیادی مراکزصحت مکمل طورپرتباہ ہوگئے ہیں،جبکہ173مراکزصحت کوجزوی نقصان پہنچاہے۔ سب سے زیادہ ضلع لسبیلہ میں 31بنیادی مراکزصحت، جعفرآبادمیں 18، پشین میں 18،کوہلومیں 17،نصیرآبادمیں 16،خضدارمیں 12، موسیٰ خیل میں 10جبکہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ہنہ اوڑک کے ایک بنیادی مرکزصحت (BHUs)کوبارشوں سے نقصان پہنچاہے۔مشکل صورتحال میں صوبائی حکومت نے بھی ریسکیواورریلیف کی سرگرمیوں کاآغازکردیاہے اس کیساتھ ساتھ PPHI بلوچستان کی ٹیمیں بھی متاثرہ علاقوں میں ریسکیواورامدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں۔طوفانی بارشوں اورسیلاب کے بعد لوگوں میں مختلف امراض پھیل رہے ہیں خصوصاًبچے اورخواتین ہیضہ، بخار، نمونیااورجلدکے امراض میں مبتلاہورہے ہیں۔چیف ایگزیکٹیوآفیسرPPHI بلوچستان اسفندیار بلوچ نے بتایاکہ ان تمام مسائل ومشکلات کے باوجودحکومت بلوچستان کے ساتھ، فلاحی تنظیمیں اوربلوچستان کے مخیرحضرات اپنی مددآپ کے تحت آگے بڑھ کر متاثرین کی دل کھول کرمددکررہے ہیں جوخوش آئنداورباعث تحسین ہے۔انہوں نے بتایاکہ پی پی ایچ آئی بلوچستان کے زیراہتمام محکمہ صحت حکومت بلوچستان اورضلعی انتظامیہ کے تعاون سے ہنگامی بنیادوں پر بلوچستان میں 18جولائی 2022سے طبی خدمات کی فراہمی سلسلہ شروع کردیاگیاہے۔ اورمختلف اضلاع میں موبائل میڈیکل کیمپ بھی منعقدکئے جارہے ہیں۔ PPHIکے زیراہتمام اب تک کوئٹہ، سوراب، قلات، نصیرآباد، جھل مگسی، جعفرآباد، پشین، سبی، کچھی، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، کوہلو، ڈیرہ بگٹی، لسبیلہ، دکی، صحبت پور، خضدار، لورالائی،واشک، ڑوب، زیارت، چاغی، موسیٰ خیل، نوشکی، شیرانی، پنجگور، مستونگ کے دوردرازعلاقوں میں 571سے زائد میڈیکل کیمپ منعقد کئے گئے ہیں۔میڈیکل کیمپس کوماہرمعالجین کی خدمات حاصل ہیں جولوگوں کامعائنہ کرکے مفت ادویات بھی فراہم کررہے ہیں۔میڈیکل کیمپس میں مجموعی طورپر144597افرادکوعلاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، جن میں 12546مرد،55607خواتین اور46914بچے شامل ہیں۔انہوں نے بتایاکہ حالات معمول پرآنے تک صوبے کے دوردرازاضلاع میں مفت میڈیکل کیمپس کے انعقادکاسلسلہ جاری رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں