بلوچستان کے نوجوان انتہائی باصلاحیت، محنتی ہیں ملکی ترقی کیلئے آگے بڑھیں، آصف غفور

کوئٹہ (انتخاب نیوز) کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوان محب وطن ،انتہائی باصلاحیت اور محنتی ہیں ملک وقوم کی قیادت کیلئے آگے بڑھیں طلباءہی ملک کے تابناک مستقبل کے ضامن ہیں پشتون پاکستانیوں کا پاکستان کی تعمیرنو ترقی میں بہت تاریخی کردار ہے۔ بالخصوص شدت پسندی کیخلاف جنگ میں ان کی قربانیاں اور کاوشیں لاثانی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار کور کمانڈربلوچستان لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور ، جی او سی خضدار ڈیویژن میجر جنرل شہاب اسلم کے ہمراہ بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار کا دورہ کیا۔ اساتذہ کرام اور طلبا وطالبات سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے چند سالوں میں صوبے میں تعلیم کے شعبہ میں بہت بہتری آئی ہے۔ اس سلسلے میں بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار کا کردار نمایاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعلی تعلیم یافتہ نوجوان ہی ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ بلاشبہ بلوچستان کے نوجوان انتہائی باصلاحیت اور محنتی ہیں۔ کور کمانڈر بلوچستان نے طلبہ کو تاکید کی کہ وہ ملکی یگانگت اور ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں اور ملک و قوم کی قیادت کے لیے آگے بڑھیں کیوں کہ طلبہ ہی ملک کے تابناک مستقبل کے ضامن ہیں۔ کور کمانڈر بلو چستان نے طلبہ سے حالاتِ حاضرہ اور صوبے کو درپیش مسائل پر گفتگو کی اور فرمایا کہ پیچیدہ مسائل کا حل نیک نیتی پر مبنی موثر حکمت عملی کے تحت پرخلوص کاوشوں میں پوشیدہ ہے۔ بعد ازاں کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے یونیورسٹی میں منعقدہ پشتون کلچر ڈے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پشتون پاکستانیوں کا پاکستان کی تعمیرنو ترقی میں بہت تاریخی کردار ہے۔ بالخصوص شدت پسندی کیخلاف جنگ میں ان کی قربانیاں اور کاوشیں لاثانی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کلچرل ڈے منانے کا مقصد اپنی اعلی روایات کو سمجھنے اور زندہ رکھنے کی کاوش ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں