پیپلز پارٹی کشمیر کمیٹی کو متنازعہ بنانے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے،نفیسہ شاہ

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کشمیر کمیٹی کو متنازعہ بنانے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے، تاریخ میں اس سے قبل کشمیر کمیٹی کے کسی چیئرمین کا تقرر کثرت رائے سے نہیں ہوا،تحریک انصاف نے کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شپ کو بلڈوز کر کے ایک بار پھر تاریخ رقم کی ہے۔ ایک بیان میں نفیسہ شاہ نے کہاکہ اپوزیشن اجلاس میں متفقہ چیئرمین بنانے پر زور دیتی رہی ہوں،حکومت نے اپوزیشن کو تحفظات کے باوجود“بہت دیر ہو چکی ہے”کا جواب دے کر بیٹھ گئی، اپوزیشن نے واضح کیا کہ یہ کسی ایک شخصیت کا نہیں کشمیر کاز کا معاملہ ہے۔ نفیسہ شاہ نے کہاکہ حکومت نے اپنے فیصلے سے کشمیر کمیٹی جیسی اہم کمیٹی کو بھی متنازعہ بنا دیا ہے،حکومت کا حالیہ فیصلہ کنٹینر سیاست کی ایک اور واضح مثال ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومتی فیصلہ غیر سنجیدگی کی واضح مثال ہے،حکومت کو کشمیر کمیٹی پر سیاست نہیں کرنی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ کشمیر کمیٹی کی چیئرمین شپ کا اس طرح کا فیصلہ کر کے دنیا کو کیا پیغام دیا گیا ہے؟۔

اپنا تبصرہ بھیجیں