یوٹیلیٹی اسٹورز پر خوردنی اشیاءکی مسلسل عدم دستیابی کا مسئلہ حل کیا جائے، پشتونخوا میپ

کوئٹہ (انتخاب نیوز) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے زیر اہتمام چلنے والے اسٹورز پر خوردنی اشیاءکی عدم دستیابی بالخصوص آٹا، گھی اور چینی کی مسلسل عدم دستیابی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حالیہ مہنگائی کے دوران یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف خوردنی اشیاءپر سبسڈی دینا غریب عوام کا حق ہے اور بالخصوص آٹا ، گھی اور چینی رعایتی نرخوں پر دیئے جارہے تھے لیکن بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث راستوں کی بندش کی وجہ سے یوٹیلیٹی اسٹورز پر تمام خوردنی اشیاءکی عدم دستیابی ناپید ہوچکی ہےں اور غریب عوام کو مزید مشکلات میں مبتلا کردیا ہے جبکہ آٹا ، گھی اور چینی کی دستیابی مزید ایک مسئلہ بن گیا ہے اور موجودہ حالات میں آٹے کے نرخ برھنے اور قلت کے باعث غریب عوام مزید مشکلات میں مبتلا ہوگئے ہیں اور یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کا ادارہ راستوں کی بندش کو جواز بناکر رعایتی نرخ پر آٹے کی سپلائی میں ناکام رہے ہیں جو کہ قابل افسوس اور قابل گرفت ہے۔ بیان میں یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی انتظامیہ پر زور دیا گیا ہے کہ وہ رعایتی نرخ پر آٹے کی سپلائی فوری طور پر شروع کرکے مقامی مارکیٹ سے خریدنے کا بندوبست کیا جائے کیونکہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی طرف سے 20 کلو آٹے کا تھیلا تقریباً 800روپے میں دیا جارہا ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2000 روپے سے بڑھ کر مہنگا ہوچکا ہے۔ بیان میں وفاقی، صوبائی حکومت اور یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے متعلقہ حکام پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع میں ارزاں نرخوں پر آٹے، گھی، چینی اور دوسری خوردنی اشیاءکی فراہمی یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں