محدود وسائل میں طلبہ کو نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں کے مواقع مہیا کررہے ہیں، چیف سیکرٹری بلوچستان

کوئٹہ (انتخاب نیوز) چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے جامعہ بلوچستان کا دورہ کیا اور جامعہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمن کے ہمراہ جامعہ کے سٹی کیمپس کے شعبہ فائن آرٹس کے زیر اہتمام تصویری نمائش کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر جامعہ کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر عین الدین آغا، اساتذہ اور طلبا و طالبات کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ انہوں نے تصویری نمائش میں طلبہ کی بنائی گئی پینٹنگز کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انکی کارکردگی کو سراہا اور انکی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ تصویری نمائش میں بنائے گئے فن پارے کسی بھی عالمی معیار سے کم نہیں اور مجھے انتہائی خوشی ہوئی کہ جامعہ کے طلبہ نے مختلف موضوعات کو تصویری شکل دے کر انکی بہتر عکاسی کی ہے۔ بعد ازاں انہوں نے جامعہ بلوچستان کے مین کیمپس میں جامعہ کے مین آڈیٹوریم میں گورننس کے عنوان سے ایک تفصیلی لیکچر دیا۔ جس میں جامعہ کے اساتذہ، افسران کی کثیر تعداد بھی موجود تھیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک، معاشرہ اور اداروں کے لئے گورننس انتہائی ضروری ہے۔ جس کے بغیر ترقی و خوشحالی کا حصول نا ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں انہیں پالیسیوں پر کار بند رہتے ہوئے ملک و صوبہ اور اداروں کو محفوظ اور ترقی سے ہمکنار کرنا چاہیے۔ انہوں نے موضوع کی مناسبت سے مختلف پہلوﺅں کا حوالہ دیا۔ اس موقع پر جامعہ کے وائس چانسلر نے انکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ بلوچستان کئی دہائیوں سے صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کو ممکن بنانے اور معاشرے میں شعور و آگاہی کو فروغ دینے کیلئے کوشاں ہے اور اپنے محدود وسائل میں رہتے ہوئے صوبے کے ہزاروں طلبہ کو نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں کے مواقع مہیا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ صوبائی حکومت اور اعلیٰ نمائندگان جامعہ کے ساتھ تعاون و سرپرستی جاری رکھتے ہوئے مستقبل میں بھی جامعہ کے ساتھ مشترکہ تعلیمی، تحقیقی سرگرمیوں کو پروان چڑھائیں گی۔ آخر میں وائس چانسلر نے چیف سیکرٹری کو جامعہ کی جانب سے تحائف پیش کیے

اپنا تبصرہ بھیجیں