امریکا تنقید کے بجائے پاکستان کے سیلاب زدگان کی حقیقی امداد کرے، چین

بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک) چین نے امریکی تنقید مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں اپنے دوست ملک پاکستان کی ہر ممکن مدد کر رہے ہیں، چین اور پاکستان کے معاملے میں تنقید کرنے کے بجائے امریکا پاکستان کے سیلاب زدگان کے لیے حقیقی اور سود مند امداد کرے۔ چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وینبن نے امریکہ کی جانب سے پاکستان کا قرض معاف کرنے یا فی الحال اقساط معطل کرنے کے سوال کے جواب میں ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان نتیجہ خیز اقتصادی اور مالی تعاون رہا ہے اور پاکستانی عوام یہ سب اچھی طرح جانتے ہیں۔وانگ وانگ وینبن نے کہا کہ جہاں تک سیلاب زدگان کا تعلق ہے تو چین اپنے دوست ملک پاکستان کے ساتھ کٹھن وقت میں پوری طرح کھڑا ہے اور اب تک سیلاب زدگان کے لیے 56ملین ڈالر کی امداد کرچکا ہے۔ترجمان چینی وزارت خارجہ نے امریکا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان کے معاملے میں تنقید کرنے کے بجائے امریکا پاکستان کے سیلاب زدگان کے لیے حقیقی اور سود مند امداد کرے۔واضح رہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو سے واشنگٹن میں ملاقات میں امریکی وزیر خارجہ بلنکن نے پاکستان کے سیلاب زدگان کے لیے 10ارب ڈالر کی امداد کا اعلان کیا تھا اور ساتھ ہی مشورہ دیا تھا کہ چین سے قرض معاف کرنے کی بات کریں۔ پاکستان کو صرف چین کا 14.6ارب ڈالر کا قرض اتارنا ہے جبکہ پیرس کلب کے ممالک کو تقریبا 1.1بلین ڈالر اور امیر ممالک جیسے جاپان، فرانس، جرمنی، امریکا اور دیگر کو 10ارب ڈالر واپس کرنے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں