امریکی کانگریس پر حملہ ،ٹرمپ کو مواخذے سے نینسی پلوسی نے بچایا، انکشاف

واشنگٹن (انتخاب نیوز) حال ہی میں لکھی جانے والی ایک کتاب میں یہ سنسنی خیز انکشاف سامنے آیا ہے کہ کانگریس پر حملے کے بعد ٹرمپ کو مواخذے سے کسی اور نے نہیں بلکہ نینسی پلوسی ہی نے بچایا تھا۔سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور اقتدار میں اسپیکر نینسی پلوسی وہ شخصیت تھیں جو ان کی سب سے بڑی نقاد تھیں، اور ہر بار ان کے خلاف مواخذے کی تحریک لانے کےلئے سرگرمی کا مظاہرہ کرتی رہیں، جس کی وجہ سے ٹرمپ نے انھیں تاریخ کی بدترین اسپیکر قرار دیا تھاتاہم اب ٹرمپ کے مواخذے کی کوششوں سے متعلق آنے والی کتاب ان چیکڈ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ یہ نینسی پلوسی ہی تھیں جنھوں نے ٹرمپ کو کانگریس پر حملے کے فوری بعد مواخذے سے بچایا تھا۔کتاب میں لکھا گیا ہے کہ کانگریس پر حملے کے فوری بعد ٹرمپ کا آسانی سے مواخذہ ہو سکتا تھا، مواخذے کےلئے ریپبلکنز سینیٹرز کی مطلوبہ تعداد کی حمایت بھی حاصل تھی تاہم ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے فوری مواخذے کے خلاف مزاحمت کی۔کتاب کے متن کے مطابق سینئر ڈیموکریٹ رکن کانگریس نے اسی روز مواخذے کا مسودہ بھی ڈرافٹ کر لیا تھا، لیکن نینسی کی وجہ سے ایسا نہ ہو سکا۔یہ کتاب 4 اکتوبر کو چھپ کر مارکیٹ میں آئے گی، اس کے مصنفین میں کارون ڈیمرجیان اور راچل بادے شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں