عمران خان پر سیاسی نہیں قانون کے مطابق مقدمات بنائیں گے، مریم اورنگزیب
اسلام آباد (انتخاب نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان پر سیاسی مقدمات نہیں قانون کے مطابق مقدمات بنائیں گے۔ انہوں نے مذاکرات کے حوالے سے عمران خان کے دعوﺅں کو مسترد کیا اور کہا کہ عمران خان اپنی مشہوری کے لیے مذاکرات کررہے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان سمجھتے ہیں کہ جو لوگ ان کی بات سنتے ہیں وہ سب بے وقوف ہیں۔ جمعے کو ہارس ٹریڈنگ کے حوالے سے مبینہ طور پر جاری عمران خان کی ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کہا کہ ہم پہلے بھی کہتے تھے کہ ان تمام چیزوں کا ماسٹر مائنڈ عمران خان خود ہے، عمران خان نے بند کمرے میں کہا کہ سائفر کے ساتھ کھیلنا ہے، کمرے سے باہر کہا کہ بیرونی سازش ہو گئی ہے، بند کمرے میں کہا کہ پانچ ایم این اے خرید لیے ہیں اور باہر کہتے ہیں کہ ہارس ٹریڈنگ شرک ہے، یہ ان لوگوں کے لیے لمحہ فکریہ ہے جو عمران خان کی بات سنتے ہیں۔


