اسٹیل مل اور گیس پائپ لائن منصوبے میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہیں، روسی قونصل جنرل
کراچی(انتخاب نیوز)کراچی میں روسی قونصل جنرل آندرے فیڈروف نے کہا ہے کہ ان کا ملک پاکستان اسٹیل مل اور گیس پائپ لائن منصوبے میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے لیکن پاکستان کو اس سے جڑے تین بڑے مسائل حل کرنے ہوں گے۔وہ کراچی میں پاکستان کونسل آن فارن ریلیشن کے زیراہتمام روس یوکرین تنازع پر سیمینار سے خطاب کر رہے تھے جس میں آندرے فیڈروف بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔روسی قونصل جنرل کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ایک دوست ملک سمجھتے ہیں اور پاکستان کے ساتھ مل کر چلنا چاہتے ہیں، گیس پائپ لائن منصوبے کے لیے ہم تیار ہیں اور پاکستان اسٹیل مل منصوبے میں سرمایہ کاری کے لیے بھی تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت گیس کی فراہمی، ٹریڈ یونین کے مسائل اور زمینوں کے مسائل حل کرے تو وہ اس سلسلے میں بات آگے بڑھائیں گے۔ایک سوال کے جواب میں روسی قونصل جنرل نے کہا کہ روس 8 سال تک کوشش کرتا رہا کہ یوکرین کا مسئلہ بات چیت کے ذریعے حل ہو مگر عالمی طاقتوں کی مداخلت کی وجہ سے یہ مسئلہ پ±رامن طریقے سے حل نہ ہو سکا، یوکرین میں روسی آبادی کا قتل عام کیا جا رہا تھا، نیٹو کو ہمارے بارڈر تک لاکر بٹھا دیا گیا، ایسے حالات پیدا کیے گئے جو روس کی سلامتی کے لیے خطرہ تھے۔روسی قونصل جنرل نے بتایا کہ ہر سال درجنوں پاکستانی طلبہ کو اسکالر شپ دے رہے ہیں، کلچر کے شعبے میں کام کر رہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافے کے لیے سرگرمیاں جاری ہیں، جس کے مثبت نتائج آئیں گے۔


