عمران خان پر جھوٹے کیسز بنائے جارہے ہیں، حلیم عادل شیخ
کراچی(انتخاب نیوز)اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ فوری طور پر انتخابات کا اعلان کیا جائے نہیں تو پوری قوم نکلے گی۔قائد حزب اختلاف سندھ حلیم عادل شیخ نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ ایک طرف ملزموں کے نیب کیسز سے خارج کیے جار ہے ہیں اور دوسری جانب عمران خان پر جھوٹے کیسز بنائے جارہے ہیں۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ نیب کے کیسز اس طرح ختم کیے جارہے ہیں جیسے ریوڑیاں بٹ رہی ہوں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت مہنگائی اور افلاس تباہی آئی ہوئی ہے، دوسری جانب مارچ روکنے کے لئے کروڑوں روپے مختص کیے جارہے ہیں۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ مریم نواز کی پوری دنیا میں کوئی جائیداد نہیں تھی اب ایون فیلڈ بیچنے گئی ہیں، ایک بہت بڑا فارم ہاﺅس محل لندن میں خریدا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ چوروں کے 11سو ارب کے نیب کیسز ختم کر دیئے گئے ہیں، نواز، شہباز، مریم سمیت دیگر ملزمان کے کیسز ختم کیے گئے ہیں۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ عمران خان کے خلاف جھوٹے کیسز بنائے جارہے ہیں، نہ ہم ڈرنے والے ہیں نہ جھکنے والے ہیں، یہ جھوٹے کیسز ہمارے قدم نہیں روک سکتے۔انہوں نے کہا کہ انقلاب آنا چاہیے پوری قوم جہاد کے لئے تیار ہے، فوری طور پر انتخابات کا اعلان کیا جائے نہیں تو پوری قوم نکلے گی۔


