بھاگ ناڑی، منتخب کونسلر کو ہراساں کرنے پر ایس ایچ او سمیت 8 پولیس اہلکاروں پر مقدمہ درج

سبی (انتخاب نیوز) ضلع کچھی کے علاقے بھاگ ناڑی میں منتخب کونسلر پر بے بنیاد اور حقائق کے برعکس مقدمے کے اندراج پر ایس ایچ او سمیت آٹھ اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لاتے ہوئے تعزیرات پاکستان کی چھ مختلف دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔ ایس ایس پی کچھی کی جانب سے سینٹرل پولیس آفس بھجوائے گئے مراسلے کے مطابق ایف آئی آر بھاگ سے منتخب کونسلر محمد اقبال مغیری کے بھائی سلطان احمد کی جانب سے حکام کو دی گئی، درخواست پر انکوائری کے بعد ایس ایچ او اور دیگر اہلکاروں پر جرم ثابت ہونے پر درج کی گئی ہے، انکوائری افسر ڈی ایس پی بابا کوٹ غلام احمد کھوسہ نے کونسلر محمد اقبال مغیری کی سی ڈی آر رپورٹ بھی پیش کی جس میں مذکور کی موجودگی جائے وقوعہ پر ظاہر نہیں ہوتی بادی النظر میں کونسلر محمد اقبال مغیری کے خلاف یہ ایف آئی آر ذاتی عناد میں درج کی گئی انکوائری رپورٹ کی روشنی میں ایس ایچ او بھاگ ناڑی منظور احمد ابڑو ، اے ایس آئی محبوب علی ، ہیڈ کانسٹیبلز میانداد ، نواب خان اور کانسٹیبلز شبیر احمد ، جاوید احمد، اعجاز احمد ، اور میر محمد کے خلاف پولیس تھانہ بھاگ ناڑی میں سب انسپکٹر خمیسہ خان پہوڑ کی مدعیت میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 166, 193,195,196,197 کے تحت ایف آئی آر نمبر 36/2022 درج کرلی گئی ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں