فزیو تھراپسٹ کے دھرنے پر پولیس کا لاٹھی چارج اور گرفتاریاں قابل مذمت ہیں، بی ایس ایف

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان فزیو تھراپسٹ کے پرامن احتجاجی دھرنے کو سبوتاژ کرنے، ان پر لاٹھی چارج اور گرفتار کرنے کے عمل کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ بلوچ اسٹوڈنٹس فرنٹ شال زون کے ترجمان نے اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ کوئٹہ پولیس کی جانب سے بلوچستان فزیوتھراپسٹ ایسوسی ایشن کے ساتھیوں پر رات کو لاٹھی چارج کرنے اور ان کو گرفتار کرنے کے عمل کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ترجمان نے کہا کہ فزیوتھراپی شعبے سے منسلک فارغ التحصیل طلباءو طالبات کے مسائل کو حل کرنے، ان کے جائز مطالبات پر عمل درآمد کرنے کے بجائے حکومت بلوچستان اور انتظامیہ تشدد کا سہارا لیکر ان کو چپ کرا رہے ہیں اور رات گئے ریڈ زون فزیو تھراپسٹ کے پرامن احتجاجی دھرنے پر ہلہ بول کر ان کو زد و کوب کیا، ان پر تشدد کی انتہا کی۔ ترجمان نے کہا کہ حکومت بلوچستان اور انتظامیہ نے بلوچی روایات کی پامالی کرتے ہوئے طالبات پر تشدد کیا جو کہ انتہائی شرمناک اور قابل نفرت عمل ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ایسا قبیح عمل بلوچی غیرت پر حملہ ہے۔ آخر میں ترجمان نے کہا کہ ہم بلوچستان فزیو تھراپسٹ کے پرامن احتجاج، مظاہرے اور دھرنے کو ان کا بنیادی، آئینی حق گردانتے ہیں اور حکومت بلوچستان کو تنبیہ کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر فزیو تھراپسٹ کے تمام گرفتار ساتھیوں کو رہا کرے، ان کے جائز مطالبات پر عملدرآمد کرے بصورت دیگر احتجاجی لائحہ عمل تشکیل دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں