فزیو تھراپسٹ کو صوبائی وزیر کی دھمکی، احتجاج کو غیر قانونی قرار دیدیا
کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان فزیو تھراپی ایسوسی ایشن کے مذاکراتی کمیٹی کے ممبران سے صوبائی وزیر عبدالرحمن کھیتران کے غیر مناسب رویے اور نہتے ممبران کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے پر شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، صوبائی وزیر عبدالرحمن کھیتران نے بجائے فزیو تھراپسٹس کے مسائل کو سنجیدگی سے سننے اور انھیں فی الفور حل کرنے کے ہماری مذاکراتی کمیٹی کے ممبران کو ڈرا دھمکا کے انھیں احتجاج جاری رکھنے کیخلاف سخت ردعمل اور کارروائی کرنے کا حکم جاری کردیا اور ہمارے بے گناہ قیدی فزیو تھراپسٹس کی سزاو¿ں میں مزید سختی لے آنے کی دھمکی بھی دی جو کہ انتہائی تشویشناک عمل ہے۔ صوبائی وزیر عبدالرحمن کھیتران نے ممبران پر مزید الزام لگایا کہ آپ لوگوں کے کوئی جائز مطالبات نہیں ہیں، آپ لوگوں نے بلاوجہ احتجاج کرکے سڑکوں کو بند کررکھا ہے۔ یہاں ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ہمیں کوئی شوق نہیں کہ ہم عوام کو مزید مشکلات میں ڈالیں اور ہمارے ساتھ ہماری معزز ڈاکٹر بہنیں بھی احتجاج میں شریک ہیں جو بلاوجہ کسی بھی طور گھروں سے باہر آکر سڑکوں کو بند کرنے کی خواہش مند نہیں مگر افسوس کہ آپ کو ہماری ان باعزت بہنوں کی ذراسی بھی پرواہ نہ کرتے ہوئے الزام تراشی اور دھمکیوں سے ہمیں اپنے قانونی حقوق مانگنے سے روکنے کے ناکام حربے استعمال کئے ہیں۔ ہم واضح کرنا چاہتے ہمارے حوصلے بلند ہیں، ہم کسی بھی ناکام حربے سے خوفزدہ نہیں ہونے والے، جب تک بے گناہ فزیوتھراپسٹس کو بازیاب نہیں کیاجاتا اور ہمارے قانونی حقوق اور جائز مطالبات تسلیم نہیں ہوتے، ہماری دھرنوں اور احتجاج میں مزید شدت آئی گی، جلد کمیٹی کی مشاورت سے نئے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔


