سعودی عرب کیخلاف ٹوئٹس کرنے پر امریکی شہری کو 16 سال قید
ریاض، واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب کی عدالت نے مملکت کے خلاف ٹوئٹس کرنے پر امریکی شہری کو 16سال کے لیے جیل بھیج دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے سعودی عرب کی عدالت کی جانب سے سعودی نژاد امریکی شہری سعد ابراہیم المادی کو 16 سال قید کی سزا کی تصدیق کی ہے۔امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ امریکی شہری کو جیل بھیجنے کے معاملے کو سعودی حکومت کے سامنے اٹھایا جارہا ہے، یہ معاملہ دونوں ممالک کے درمیان مزید کشیدگی کا سبب بنے گا۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم مسلسل شدت کے ساتھ اعلی سعودی حکام کے ساتھ اس کیس کو لے کر اپنی تشویش کا اظہار کررہے ہیں، اس معاملے پر ریاض اور واشنگٹن کا اب بھی رابطہ ہے۔امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق فلوریڈا کے رہائشی المادی اپنے اہلخانہ کے ہمراہ سعودی عرب گئے تھے جنہیں نومبر میں ائیرپورٹ پر گرفتار کیا گیا، ان پر 7 سال قبل سعودی عرب کے خلاف 14ٹوئٹس کرنے کا الزام ہے۔دوسری جانب سزا پانے والے سعد ابراہیم کے بیٹے نے بھی والد کی سزا سے متعلق تصدیق کی۔المادی کے بیٹے کا کہنا ہے کہ ان کے 72سالہ والد کو 3اکتوبر کو 16سال قید کی سزا سنائی گئی جس میں سزا مکمل ہونے کے بعد 16سال کی سفری پابندی بھی شامل ہے۔


