بلوچستان میں سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے، مولانا محمود شاہ

سوراب (انتخاب نیوز) جے یوآئی کے صوبائی جنرل سیکرٹری رکن قومی اسمبلی مولانا محمود شاہ نے بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بجلی گیس کی تاحال عدم بحالی ،متاثرہ زمینداروں کے نقصانات کے ازالے اور سڑکوں کی زبوں حالی کا معاملہ قومی اسمبلی میں اٹھادیا، ڈپٹی اسپیکر نے متذکرہ مسائل متعلقہ محکموں کو بھجوا دی، شہر اقتدار میں پارلیمانی فورم پر عوامی مسائل کی مسلسل نشاندہی کااعزاز حسب سابق مستونگ قلات سوراب سے منتخب رکن قومی اسمبلی مولانا سید محمود شاہ نے برقرار رکھا ہوا ہے، قومی اسمبلی کے رواں سیشن میں ایم این اے مولانا سید محمود شاہ نے صوبے کے سیلاب سے متاثرین کی مشکلات ، متاثرہ علاقوں میں تاحال بجلی گیس اور دیگر سہولیات کی عدم بحالی خصوصاً حلقہ انتخاب کے علاقوں میں زرعی نقصانات کے ازالے میں عدم پیش رفت اور دیہی علاقوں میں بجلی بحال نہ ہونے کے باجود واپڈ کی جانب سے صارفین کوبل بھیجنے کے ناروا سلسلے اور متاثرہ سڑکوں کی بحالی میں عدم دلچسپی سمیت دیگر معاملات کی موثر انداز میں نشاندہی کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے عملی اقدامات کا مطالبہ کردیا، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے تمام متذکرہ مسائل اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے معاملہ متعلقہ محکموں کے اسٹینڈنگ کمیٹیوں کے حوالے کرنے کا حکم جاری کردیا، واضح رہے کہ مون سون بارشوں سے ہونے والی تباہی کا شکار متاثرین تاحال ان گنت مسائل اور مشکلات کا سامنا کرنے پر مجبور ہیں جن میں متاثرہ علاقوں میں سیلابی پانی کی موجودگی ، بجلی گیس اور آبنوشی کے پانی کی عدم دستیابی سرفہرست ہیں جبکہ صوبے کے دیگر علاقوں کی طرح سوراب قلات اور مستونگ میں بارشوں سے ہونے والی نقصانات کا بھی تاحال کوئی ازالہ نہیں کیا گیا ہے زمیندار طبقہ کی سال بھر کی کمائی سیلاب کی نذر ہوچکی تھی اور وہ حکومت کی جانب سے نقصانات کے ازالے اور بحالی کے لئے امداد کے تاحال منتظر ہیں ، رکن قومی اسمبلی مولانا سید محمود شاہ ایوان میں مسلسل ان کی ترجمانی کرکے حکام بالا کو صورتحال کی جانب متوجہ کرنے کی مسلسل کوشش کررہے ہیں ، یہی وجہ ہے کہ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف بلوچستان کے اپنے دوروں کے موقع پر مولانا سید محمود شاہ کو ہمراہ لے کر متاثرہ علاقوں کا دورہ کررہے ہیں اور ان کی خصوصی کاوشوں سے صوبے کے متاثرین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف پہنچ رہا ہے، اسی تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے مولانا سید محمود شاہ نے گزشتہ اجلاس میں نہ صرف متاثرہ علاقوں میں یوٹیلیٹی بلزکو بجلی گیس کی بحالی تک مکمل معاف کرنے کا مطالبہ کردیا بلکہ حلقہ انتخاب میں زمینداروں کے نقصانات کے جلد ازجلد ازالے اور متاثرہ سڑکوں کی فوری بحالی کے لئے بھی ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا ، ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی نے معزز رکن قومی اسمبلی کے متذکرہ مسائل کو اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے انہیں متعلقہ محکموں کے اسٹینڈنگ کمیٹیوں کے حوالے کرنے کی ہدایت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں