کشمیری بھارت سے اپنا حق خودارادیت چھین کر رہیں گے‘ قمر زمان کائرہ

اسلام آباد(ویب ڈیسک)مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ کشمیری تمام تر حالات میں بھارت سے اپنا حق خودارادیت چھین کر رہیں گے،بچہ بچہ حق خودارادیت کے جذبے سے سر شار ،کسی قسم کی ریاستی دہشت گری کشمیریوں کے عزم کو شکست نہیں دے سکتی ۔

وزیر اعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے آزاد جموں و کشمیر کے75ویں یوم تاسیس کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ آج سے 75 سال قبل کشمیری عوام نے زبردست جدوجہد اور لازوال قربانیوں کی بدولت آزاد جموں و کشمیر حکومت کی بنیاد رکھ کر یہ ثابت کیا کہ وہ ہر قیمت پر بھارت کے تسلط سے آزادی چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آزادی کا یہ سفر آج بھی جاری ہے اور آج کا دن ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ غیور کشمیری اپنے حق خودارادیت کے حصول کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کا بچہ بچہ اپنے آبائو اجداد کی طرح حق خودارادیت کے جذبے سے سر شار اور پر عزم ہے۔ کشمیری خواتین سے زیادتی ، پیلٹ گن کے استعمال ، ماورائے عدالت قتل جیسے بھارتی ریاستی دہشت گری کے ہتھکنڈے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو شکست دینے میں ناکام ہو چکے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارت کو یہ جان لینا چاہیے کہ کسی قسم کی ریاستی دہشت گری کشمیریوں کے عزم کو شکست نہیں دے سکتی اور کشمیری تمام تر حالات میں بھارت سے اپنا حق خودارادیت چھین کر رہیں گے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پاکستان کی حکومت مسئلہ کشمیر کو دنیا کے تمام فورمز پر بھرپور انداز سے اجاگر کر رہی ہے ، وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے دنیا کے ہر فورم پر کشمیروں کے حقوق کی آواز پر زور انداز سے بلند کی ہے۔وزیر اعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان تمام تر حالات میں اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں