کوہلو، غربت کی وجہ سے 14 بچوں کے باپ رند ھاں مری نے خودکشی کرلی

کوہلو (انتخاب نیوز) بلوچستان ضلع بارکھان کے علاقے دھولوائی میں مری قبائل سے تعلق رکھنے والے رند ھاں مری نے غربت کی وجہ سے اپنے گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کرلی، رندھاں مری کا تعلق ایک غریب گھرانے سے تھا جنہوں نے دو شادیاں کر رکھی تھیں جن کے 14 بچے ہیں جو عرصہ دراز سے بارکھان کے علاقے دھولوائی میں رہائش پذیر تھے جہاں وہ کھیتی باڑی کرکے اپنے بچوں کی کفالت کیا کرتا تھا مگر حالیہ بارشوں اور سیلاب نے ان کی چھت چھیننے کے ساتھ انکا روزگار کا واحد ذریعہ فصلیں بھی تباہ کردئیے جو اپنے بچوں کو بھوک سے بلکتے نہیں دیکھ سکا اور بلآخر اپنے گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کرلی۔ واقعے کو لیکر کوہلو سے تعلق رکھنے والے عوامی حلقوں کی جانب سے بارکھان سے منتخب ہونے والے صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، جن کا کہنا ہے کہ رندھاں مری کی موت بارکھان سے سلیکٹ ہونے والے صوبائی وزیر سمیت ہمارے بے حس معاشرے کے لئے ایک زور دار طمانچہ ہے۔ عوامی حلقوں کا مزید کہنا تھا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ گھرانوں کیلئے راشن، ٹینٹ سمیت اربوں روپے کی فنڈنگ ہوئی مگر ان سے امیروں نے اپنی تجوریاں اور گھر بھر دیئے، مگر رندھاں جیسے متاثرہ غریبوں کو ایک ٹینٹ تک فراہم نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے سیلاب متاثرین خودکشیوں پر مجبور ہیں۔ انہوں وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور دیگر حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مرحوم رندھاں مری کے اہلخانہ کو فوری امدادی ریلیف فراہم کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں