تربت یونیورسٹی کے طلبہ بین الاقوامی سطح پر مقابلوں میں اعلیٰ کارکردگی کی صلاحیت رکھتے ہیں، وائس چانسلر

تربت (انتخاب نیوز) یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جان محمد نے کہاہے کہ ہمارے طلبہ وطالبات باصلاحیت اور محنتی ہیں اور وہ دیگر قومی سطح کے یونیورسٹیوں کے طلباء سے کم نہیں تربت یونیورسٹی کے طلبہ وطالبات کسی بھی قومی یا بین الاقوامی سطح پر ہونے والے مقابلوں میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران معاشرے کی ترقی وخوشحالی میں بہترین کردار ادا کرنے کے لیے طلبہ وطالبات کو تیار کرنے کے لیے سخت محنت کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شعبہ کمپیوٹر سائنس کے طلبا کو بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز (بیوٹمز) کوئٹہ میں منعقدہ اسپیڈ پروگرامنگ مقابلے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور بلوچستان بھر کے مختلف جامعات کے چوبیس ٹیموں میں سے آٹھویں پوزیشن حاصل کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کیا، بیوٹمز کوئٹہ میں ”چیلنجنگ دی گیکس آف بلوچستان“ کے عنوان پر ایک مقابلے کا انعقاد کیا گیا، جس میں بلوچستان کی مختلف جامعات سے 24 ٹیموں نے شرکت کی، یونیورسٹی آف تربت کی ٹیم نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آٹھویں پوزیشن حاصل کی۔ تربت یونیورسٹی کی ٹیم میں شعبہ کمپیوٹر سائنس کے بی ایس چھٹے سمسٹر کے فیصل جان، امداد رند اور بلوچ شامل تھے۔ مقابلے کے اختتام پر انہوں نے بیوٹمز کے وائس چانسلر انجینئر احمد فاروق بازئی سے تعریفی اسناد اور گفٹ ہیمپرز وصول کیے، اس کامیابی پر تربت یونیورسٹی کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے شعبہ کمپیوٹر سائنس کے چیئرمین مختار حسین نے مقابلے میں شاندار کارکردگی دکھانے اور پوزیشنیں حاصل کرنے پر طلبا کی کاوشوں کو سراہا، تعاون اور حوصلہ افزائی کرنے اور صوبائی و قومی سطح کے مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کے مظاہرہ کرنے کا موقع فراہم کرنے پر طلبا نے جامعہ تربت کے وائس چانسلر اور شعبہ کمپیوٹر سائنس کے چیئرمین کا شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں