کوئٹہ پولیس کی کارروائی، کراچی اسمگلنگ کی کوشش ناکام، جدید اسلحہ کی بڑی کھیپ پکڑ لی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) ڈی آئی جی کوئٹہ اظفر میسر کی ایس ایس پی آپریشن عبدالحق عمرانی، ایس ایس پی انویسٹی گیشن اسد ناصر کے ہمراہ پریس کانفرنس۔ پولیس حکام نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پنجپائی تھانہ کوئٹہ پولیس کی کارروائی میں جدید اسلحہ کی بڑی کھیپ برآمد کرلی گئی، ہمسایہ ملک کی سرحد سے اسلحہ اندرون ملک اسمگل کرنے کیلئے لایا جارہا تھا، برآمدہ شدہ اسلحہ 47 سیمی آٹومیٹڈ اور آٹو میٹڈ گنز شامل ہیں جن کی مالیت کروڑوں میں ہے، بذریعہ گاڑی نوشکی سے کوئٹہ کی طرف اسلحہ منتقل کیا جارہا تھا جو بعد میں کراچی منتقل کیا جانا تھا، اسلحہ غیرملکی کمپنی کا ہے۔ خفیہ اطلاع پر پولیس نے بروقت کارروائی کی۔ آئی جی نے ایس ایچ او پنجپائی اور ٹیم کیلئے کیش انعام اور تعریفی سند دینے کا اعلان کیا ہے۔ 2 نومبر سے شہر میں غیرقانونی اسلحہ اور نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کیخلاف مہم شروع کی گئی ہے، ہوائی فائرنگ کیخلاف سخت کارروائی کررہے ہیں، اپنی خوشی کے موقع پر دوسرے کا غم دینے کی اجازت نہیں دے سکتے، جہاں کہیں ہوائی فائرنگ ہو شہری پولیس کو اطلاع کریں۔ کارروائی میں ایک ملزم گرفتار، گاڑی بھی قبضے میں لے لی گئی۔


