کالج اساتذہ اپنے ووٹ کے ذریعے موقع پرستی کا خاتمہ کرینگے، بی پی ایل اے یکجہتی پینل

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن یکجہتی پینل کی انتخابی سرگرمیاں عروج پر۔ یکجہتی پینل کے نامزد صدر پروفیسر طارق بلوچ اور جنرل سیکریٹری رازق الفت کاکڑنے حب ‘وندر’ وڈھ’حرمزئی’برشور اور دیگر بوائز و گرلز کالجز کے دورے کے موقع پر خطاب میں برادری کو کسی بھی ایسے طالع آزما شخص یا گروہ سے دور رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ بی پی ایل اے کے انتخابات محض ووٹ کاسٹ کرنا نہیں بلکہ یہ ضمیر، دیانت اور امانت کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں اپنا نمائندہ منتخب کرنے کا اختیار ہر بالغ و عاقل شخص کا ہے لیکن وہی شخص اگر فہم و فراست کے ساتھ دوراندیشی سے بہترین کا انتخاب کرتا ہے تو یقینا تاریخ میں اس کے کردار کو سنہرے الفاظ میں یاد رکھا جائے گا۔ پروفیسر طارق بلوچ نے کہا کہ جس طرح سے کالج اساتذہ نے پچھلی بار تاریخ کی اب تک کی سب سے کامیاب کابینہ کا انتخاب کرکے برادری میں مثبت سوچ اور اقدار کو فروغ دیا اسی طرح اس بار بھی پروفیسرز برادری یکجہتی پینل کے نامزد امیدواروں کو منتخب کرکے حالیہ سابقہ کابینہ کے منظور شدہ چارٹر آف ڈیمانڈ کو تکمیل تک پہنچانے کا موقع فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ یکجہتی پینل کے ذمہ دار دیانت اور شرافت پر یقین رکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ وہ ہمیشہ سے بے بنیاد وعدوں اور عقل و شعور سے عاری جذباتیت کے مخالف رہے ہیں۔ پروفیسر طارق بلوچ نے کہا کہ یکجہتی پینل کے منشور واضح اور قابل عمل ہے جس کی ایک مسلسل تاریخ ہے اور ان کے مثبت اور بہترین نتائج سب کے سامنے ہیں۔ پروفیسرز ہاو¿سنگ اسکیم سمیت کالجز کے لیے خدمات کی ایک طویل فہرست سب کے سامنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات جیتنے کے ساتھ ہی ہماری ترجیحات میں ملازموں کے ساتھ ٹائم اسکیل پروموشن کا خاتمہ یقینا ایک شرمناک عمل ہے خصوصاً کالج اساتذہ کے لیے یہ خاتمہ کسی صورت قابل قبول نہیں انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنے دور میں ٹھوس بنیادوں پر کالجز ڈیپارٹمنٹ سے اس کو نہ صرف  ایک مطالبہ کے طور پر منوایا بلکہ اس کی سمری بھی تیار کرواکے ڈیپارٹمنٹ میں جمع کروادی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ان کرداروں پر حیرت ہوتی ہے جنہوں نے ساری زندگی ٹائم اسکیل کے خلاف کام کیا اور اس کے لیے ہر حد تک گئے لیکن آج وہی اپنی زندگی کی آخری شکست کو دیکھ کر اسے گمراہ کن انداز میں الیکشن کیمپین کے طور پر استعمال کررہے ہیں۔ پروفیسر طارق بلوچ نے یاد دلایا کہ لائبریرین کے سروس اسٹرکچر پر ورکنگ پیپر حالیہ کامیاب کابینہ کا ایک اور اعزاز ہے جس پر ڈیپارٹمنٹ نے خصوصی دلچسپی دکھائی ہے۔ بلوچستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن کے یکجہتی پینل کے نامزد جنرل سیکرٹری پروفیسر رازق الفت کاکڑ نے کالج برادری میں ہونے والے انتخابات کے حوالے سے مختلف کالجز کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ کالج اساتذہ اس بار جس متانت اور پروقار انداز میں الیکشن میں دلچسپی لے رہی ہے اس کی وجہ کالجز میں یکجہتی پینل کے مثبت اور اعلی قدروں کا فروغ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض عناصر جنہوں نے اپنے ذاتی و گروہی عزائم کے لیے دھڑے بندی کی سیاست کو شعار بنایا اور ہر موقع پر جھوٹ، شعبدی بازی اور مہم جوئی کا سہارا لیا وہی عناصر آج ہر دوسرے کالج میں بے نقاب ہورہے ہیں اور گھبراہٹ اور شکست کے خوف سے نئے نئے جھوٹ تخلیق کررہے ہیں جس پر ان کی حالت پر افسوس ہی کیا جاسکتا ہے۔ پروفیسر رازق الفت نے کہا کہ یہ ایک جدید دور ہے جس میں تعلیمی ترقی ہی سے قومیں اپنی بقا کی جنگ جیت سکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ یکجہتی پینل کو قوی امید ہے کہ کالج پروفیسرز احساس ذمہ داری کے ساتھ اپنے ووٹ کا استعمال کریں گے اور کسی بھی موقع پرستی کا ہمیشہ ہمیشہ کے لیے خاتمہ کریں گے۔ بلوچستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن یکجہتی پینل کے ذمہ داروں نے اپنے اخباری میں کالج اساتذہ کے ساتھ رابطہ مہم کے دوران پینل کے منشور کو بہترین انداز میں پیش کرنے پر یکجہتی کے حامی دوستوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کالج اساتذہ کو مستقبل سے متعلق اندرونی اور بے بیرونی خطرات سے آگاہ کرنے پر بھی زور دیا۔درست ووٹ سے درست کابینہ کے انتخاب کے حوالے سے ہدایات دیتے ہوئے انہوں نے یکجہتی کے دوستوں کو اپنے اپنے کالجوں میں مسلسل کام کرنے اور مشاورت کے ساتھ معاونت کا بھی کہا تاکہ تعلیم کے میدان میں ترقی و پیشرفت میں بلوچستان کے کالجوں کے اساتذہ کا نام شاندار الفاظ میں یاد کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں