کوئٹہ اور حب سے کالعدم تنظیم کے 4 مشتبہ افراد گرفتار، اسلحہ اور بارود برآمد، سی ٹی ڈی کا دعویٰ
کوئٹہ (انتخاب نیوز) سی ٹی ڈی بلوچستان نے کوئٹہ اور حب میں دو مختلف کارروائیوں کے دوران کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 4 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان سی ٹی ڈی بلوچستان کے مطابق سی ٹی ڈی نے کوئٹہ میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے دو مشتبہ افراد عبدالواجد اور جان محمد کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے پستول اور ہینڈ گرینڈ برآمد کرلئے۔ ترجمان کے مطابق دونوں مشتبہ افراد نے نغاو کے پہاڑوں میں قائم کالعدم تنظیم کے کیمپ میں تربیت حاصل کی اورکوئٹہ میں تخریب کاروں کے نیٹ ورک کی سہولت کاری کررہے تھے۔ ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی نے ایک اور کارروائی کے دوران حب کے علاقے ساکران روڈ پر لاسی فارم کے قریب کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 2 مشتبہ افراد دوست محمد اور محمد اسماعیل کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، ڈیٹو نیٹر، ہینڈ گرینڈ برآمد کرلئے۔ ترجمان کے مطابق گرفتار مشتبہ افراد کا تعلق صحافی شاہد زہری اور حبیب شاہ پر حملہ کرنے والے گروہ سے ہے، گرفتار مشتبہ افراد کیخلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔


