بلوچستان کے عوام اور مسیحی برادری فوج اوراپنی سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ،خلیل جارج
کوئٹہ( این این آئی)مشیربرائے اقلیتی امورخلیل جارج کی قیادت میں ہفتہ کو ائیرپورٹ چوک سے ”پاک افواج تیری عظمت کو سلام“ کے عنوان کے ایک ریلی نکالی گئی جو ائیر پورٹ روڈ، عالمو چوک ، سرینا چوک ،زرغون روڈ سے ہوتی ہوئی فیاض شہید سنبھل چوک پر پہنچی ریلی کے شرکاءنے پاکستانی جھنڈے ،بینرز اور پلے کارڈ اٹھارکھے تھے جن پر پاک فوج اور قومی اداروں کے حق میں نعرے درج تھے۔ ریلی میں لورالائی،پشین ،چمن ،مستونگ اوردیگرعلاقوں سے تعلق رکھنے مسیحی ،ہندو،سکھ قبائلی رہنماوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے مشیر برائے اقلیتی امور خلیل جارج نے کہا کہ پاکستان ہمارے آبا¶ اجداد نے جانی اورمالی قربانیوں کے بعد حاصل کیا ہے ملک کے دفاع اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے پاک فوج اوردیگر سیکورٹی اداروں کے افسران اور اہلکاروں نے اپنی جانوں کے نذرانے دیئے ہیں ملک کے دفاع کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ دینے والے سیکورٹی اہلکارہمارے ماتھے کا جھومر ہیں جن کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔انہوں نے کہا کہ آج کل ایک سیاسی جماعت کے رہنما اپنے ذاتی مفادات کے حصول کیلئے پاک فوج اوردیگر اداروں کے افسران پر بے جا تنقید اورالزامات لگارہے ہیں جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے آج کی یہ ریلی ان افراد کو جواب ہے کہ پاکستان اور خاص کر بلوچستان کے عوام اور مسیحی برادری پاک فوج اوراپنی سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور عوام پاک فوج اوردیگراداروں کے ساتھ ملکراپنے ملک کا دفاع کرنا اچھی طرح جانتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک خوبصورت ملک میں جس میں تمام مذہب سے تعلق رکھنے والے افراد ملکر جل کر رہتے ہیں اورانہوں نے ہمیشہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنا کردارادا کیا ہے ہم اپنے ملک کیلئے جان تک قربان کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں کسی کو غلط فہمی میں رہنے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاک فوج دنیا کی ایک بہترین فوج ہے جس نے ہمیشہ امن کے قیام کیلئے اپنا کردارادا کیا ہے لیکن چند سیاسی عناصر اقتدار کے حصول اوراپنے ذاتی مفادات کے لئے پاک فوج اوردیگر سیکورٹی ادارںکے افسران کے خلاف بیانات دیکر پاکستان دشمن قوتوں کو خوش کرنے میں لگے ہوئے ہیں ایسے افراد کسی بھی طرح ملک اور عوام کے دوست نہیں ہوسکتے۔ خلیل جارج نے کہا کہ آج اس ریلی کے انعقاد کا مقصد پاک فوج اوردیگر سیکورٹی اداروں کے افسران اور اہلکاروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا تھاہم سیکورٹی اداروں کو یقین دلاتے ہیں کہ عوام انکے ساتھ کھڑے ہیں ۔انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیاکہ پاک فوج اوردیگر سیکورٹی اداروں پر تنقید کرنے والے عناصرکے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ کسی کو بھی بلاجواز اداروں پرانگلی اٹھانے کی جرات نہ ہوسکے۔


