بی این پی آواران کا نیشنل پارٹی سے بلدیاتی اتحاد ختم کرنے کا فیصلہ
آواران(بیورورپورٹ)بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل آواران کا اجلاس ہفتہ کے روز زیر صدارت ضلعی صدر میر حبیب اللہ محمدحسنی ضلعی دفتر آواران میں منعقد ہوا۔اجلاس کے مہمان خاص سابق ضلعی صدر حاجی عطاء اللہ محمدحسنی تھے اجلاس کے اعزازی مہمان پارٹی کے سینئر رہنما میر وزیر گل چنال تھے۔ون پوائنٹ ایجنڈہ میں پارٹی کی حالیہ بلدیاتی الیکشن میں نیشنل پارٹی کے ساتھ ضلعی و تحصیل سطح پر اتحاد زیر غور لایا گیا۔پارٹی دوستوں کی جانب سے پری الیکشن و پوسٹ الیکشن اتحادی پارٹی کی دھوکہ دہی رویہ،سرد مہری و یکطرفہ فیصلوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، تمام تر خدشات کے باوجود ایک مرتبہ پھر مصالحتی لیڈر کے طور پر قبائلی شخصیت آواران عوامی پینل کے سربراہ میر علی حیدر جان محمدحسنی کے زریعے نیشنل پارٹی سے رابطہ کرکے باہمی معائدے کے تحت مخصوص نشستوں پر پارٹی ڈیمانڈ سے انہیں آگاہ کیا گیا،مگر اتحادی نیشنل پارٹی نے ایک بار پھر حسب روایت مختلف حیلے بہانے عذر پیش کرکے پارٹی ڈیمانڈ سے منکر ہوئے، جس کے بعد پارٹی رہنماوں نے مرکزی قیادت و قائد اختر جان مینگل کی ہدایت پر ضلعی کابینہ سے رائے شماری لینے کا فیصلہ کیا، ضلعی کابینہ نے 2 کے مقابلے میں 6 ممبران کی اکثریتی رائے سے نیشنل پارٹی سے اتحاد ختم کرنے کے حق میں ووٹ دیا، جس کے بعد اجلاس میں موجود تحصیل جھاو و تحصیل آواران کابینہ نے متفقہ طور پر ضلعی کابینہ کے اکثریتی فیصلے کی اخلاقی حمایت کی، بعد ازان یہ فیصلہ کیا گیا پارٹی فیصلے سے کسی ممبر نے انحراف کیا یا فیصلے کے برعکس مخصوص نشستوں پر کسی غیر متعلقہ ممبر کی توثیق و تصدیق کی تو مرکزی قائد کے عین ہدایت کے مطابق مذکورہ ممبران کو ڈی سیٹ کرنے کیلئے الیکشن کمیشن، آر او یا متعلقہ فورمز پر رجوع کیا جائے گا، اجلاس کی کارروائی ضلعی جنرل سیکرٹری برکت علی بلوچ نے سر انجام دی۔


