سرکاری گندم کے امدادی بیجوں کی تقسیم، پٹواری مافیا نے شتکاروں سے لاکھوں روپے لوٹ لیے

سوراب (انتخاب نیوز) سرکاری گندم کے امدادی بیج سوراب میں حقیقی مستحق کاشتکاروں میں تقسیم ہونے سے پہلے پٹواری مافیا کے لئے کمائی کا ذریعہ بن گئے، بیج وصولی کے لئے رجسٹریشن کے نام پر تحصیلدار کی موجودگی میں فی درخواست دہندہ سے پانچ سو روپے کی وصولی، بیج ملے نہ ملے ریونیو اہلکاروں کی چاندی ہوگئی، ہزاروں لاچار کاشت کاروں سے لاکھوں روپے بٹورے گئے، لٹنے والے متاثرین کی فریاد اور نشاندہی کے باوجود انتظامی آفیسران خاموش۔ تفصیلات کے مطابق حکومت بلوچستان کی جانب سے صوبے کے زمینداروں کے لئے ملنے والے امدادی بیج حقیقی زمیندار تک پہنچے یا نہ پہنچے، سوراب میں تحصیلدار اور پٹواری مافیا کے لئے کمائی کا ذریعہ بن گئی ہے، بیج وصولی کی رجسٹریشن کے لئے ہزاروں کی تعداد میں درخواست جمع کرانے والے فی درخواست گزار سے تحصیلدار سوراب کی موجودگی میں پانچ سور روپے وصول کیا جارہا ہے۔ انتظامی افسران کی مبینہ رضا مندی سے لاچار سیلاب متاثرہ کاشت کاروں سے لاکھوں روپے ناجائز بٹورے جاچکے ہیں، لٹنے والے لاچار متاثرین کے مطابق معاملے کی نشاندہی اور دادرسی کی التجا کے باوجود ضلع سوراب کی انتظامیہ دانستہ چشم پوشی کا مظاہرہ کرکے کرپٹ اہلکاروں کی کرپشن چھپانے کی کوشش کررہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق محض چند سو پیکٹ امدادی بیج کے لیے رجسٹریشن کے نام پر ہزاروں کاشت کاروں سے درخواستیں وصول کرکے ان سے فی کس پانچ سو روپے کے حساب سے لاکھوں روپے بٹورے گئے۔ تحصیلدار اور پٹواری کی اس ناجائز دھندے میں مبینہ طور پر انتظامیہ اور زراعت افسران کی رضامندی اور گٹھ جوڑ کا بھی خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے، جو معاملہ سے آگاہ ہونے کے باوجود ملوث اہلکاروں کیخلاف کارروائی عمل میں لانے کے بجائے ان کی پشت پناہی کررہے ہیں۔ متاثرہ کاشت کاروں نے کمشنر قلات ڈویژن اور دیگر اعلی حکام سے اپیل کی کہ مفت تقسیم ہونے والی چند سو تھیلے بیج کے لیے ہزاروں لوگوں سے فی کس پانچ سو روپے ناجائز وصول کرنے کا نوٹس لیکر ملوث تحصیلدار اور پٹواری اور ان کی سرپرستی کرنے والے آفیسران کے خلاف کاروائی عمل میں لایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں