حکومت نے اسپیکر قومی اسمبلی کو پی ٹی آئی اراکین کے استعفوں کی منظوری سے روک دیا

اسلام آباد (انتخاب نیوز) حکومت کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی کو مزید پی ٹی آئی اراکین کے استعفوں کی منظوری سے روک دیا گیا ہے۔ پارلیمانی ذرائع کے مطابق جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے ایک درجن سے زائد اراکین کے استعفوں کی منظوری کی فائل اسپیکر راجہ پرویز اشرف کو بھجوائی گئی تھی جن میں پی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر شاہ محمود قریشی اور ان کے بھانجے ظہور حسین قریشی کا نام بھی شامل تھا۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی نے اسپیکر راجہ پرویز اشرف کو استعفے منظور نہ کرنے کا وزیراعظم کا پیغام پہنچایا۔ اسپیکر کی جانب سے تحریک انصاف اراکین کے استعفوں کی فائل کو داخل دفتر کردیا گیا ہے، ا،سپیکر آفس کے مطابق اگلے احکامات تک کسی کا استعفیٰ منظور نہیں ہوگا۔واضح رہے کہ تحریک انصاف کے دو اراکین شکور شاد اور محمد میاں سومرو کے استعفوں کا معاملہ عدالت میں ہے اور اس بارے میں عدالتی فیصلہ آنے کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔ ذرائع قومی اسمبلی کے مطابق تحریک انصاف کے تمام مستعفی اراکین کی تنخواہ اور ٹی اے ڈی اے بھی بند ہے البتہ تحریک انصاف کے مستعفی اراکین تاحال سرکاری رہائش گاہیں استعمال کررہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں