پاک افغان سرحدی حکام کا باب دوستی پر 30 فٹ تک مسلح ا ہلکار تعینات نہ کرنے پر اتفاق
کوئٹہ (انتخاب نیوز) پاکستان اور افغان حکام کے درمیان باب دوستی چمن کے مقا م پر کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کے پیش نظر سرحد پر 30 فٹ تک اسلحہ بردار اہلکار تعینات نہ کرنے اور روزانہ کی بنیاد پر اہلکاروں کی فہرست کا تبادلہ کرنے پر اتفاق۔ چمن میں پاک افغان سرحد پر 13 نومبر کو ایک نامعلوم شخص نے فائرنگ کرکے ایک پاکستانی سیکورٹی اہلکار کو جاں بحق جبکہ دو کو زخمی کردیا تھا جس سے کے بعد باب دوستی گزشتہ 7 روز سے بند تھا۔ ذرائع کے مطابق اتوار کو پاکستانی اور افغان حکام کے درمیان سرحد کھولنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی اور افغان حکام نے طے کیا ہے کہ باب دوستی پر دونوں اطراف 30 فٹ تک تعینات اہلکاروں کے پاس اسلحہ نہیں ہوگا جبکہ دونوں جانب سے بہتر ہم آہنگی کے لیے سرحد پر تعینات اہلکاروں کی فہرست کا روزانہ کی بنیاد پر تبادلہ ہوگا، ساتھ ہی کسی بھی غیر متعلقہ شخص کی موجودگی کو روکنے کے لئے دونوں جانب اہلکار اپنا چہرہ کھلا رکھیں گے۔ حکام کے درمیان اتفاق کیا گیا ہے کہ افغانستان کے تذکرہ پر صرف صوبہ قندھار کے لوگ ہی پاکستان جاسکیں گے اور یہ ذمہ داری افغان سرحدی حکام کی ہوگی۔ ذرائع کے مطابق اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا ہے کہ پاکستانی اہلکاروں پر فائرنگ میں ملوث ملزم کو گرفتار کر کے اسے سزا دی جائیگی۔


