روس کے یوکرین پر میزائل حلموں میں 6 افراد ہلاک، اہم تنصیبات بھی نشانہ

کیف (مانیٹرنگ ڈیسک) یوکرین پر روس کی جانب سے پے در پے میزائل حملوں کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ پاور اسٹیشنز پر حملوں کے نتیجے میں دارالخلافہ کیف اور اوڈیسا سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران روس کی جانب سے لگاتار میزائل حملوں میں اہم یوکرینی تنصیبات سمیت پاور اسٹیشز کو خاص طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے، حالیہ حملوں کے نتیجے میں دارالخلافہ کیف سمیت کئی اہم یوکرینی شہر بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب یوکرینی دارالخلافہ کے قریبی شہر ویشارڈ میں اپارٹمنٹ بلاک تباہ ہو گیا ہے جہاں فائر فائٹرز اور امدادی رضاکاروں کی جانب سے متاثرین کے ریسکیو کرنے کی کوششیں جا ری ہیں۔ یوکرینی نیشنل پولیس کا کہنا ہے کہ یوکرین کے مختلف شہروں پر آج ہونے والے روسی حملوں کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ 36 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ نیشنل پولیس کے مطابق حملوں کے نتیجے میں 16 اہم تنصیبات اور رہائشی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ یوکرین کے کئی علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے ہیں۔ یوکرینی ائیر فورس کا کہنا ہے کہ روس کی جانب سے داغے گئے 70 کروز میزائلوں میں سے 50 کو تباہ کر دیا گیا تھا۔ یوکرینی ڈپٹی ہیلتھ منسٹر کا کہنا تھا کہ اب تک تمام زخمیوں کو اسپتال پہنچا دیا گیا ہے جبکہ ساتھ ہی خصوصی ایمرجنسی ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں تاکہ زاپروڑیا شہر کی دیگر اسپتالوں میں بھی زخمیوں کی منتقلی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں روسی حملوں کے نتیجے میں 1000 سے زائد طبی مراکز کو نقصان پہنچا ہے جبکہ 143 طبی مراکز مکمل تباہ ہو گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں