بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہے، جیلوں میں قیدیوں کو ہنر مند اور تعلیم سے روشناس کرایا جائیگا، ضیا لانگو

کوئٹہ (انتخاب نیوز) صوبائی وزیر داخلہ و پی ڈی ایم اے میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال ماضی کے مقابلے میں کافی بہتر ہے اکا دکا واقعات ہورہے ہیں جن کے تدارک کے لئے صوبائی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے امن وامان کی بحالی کو ممکن بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کررہے ہیں بلوچستان کی جیلوں میں قیدیوں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے اصلاحات لائی جارہی ہیں تاکہ پاکستان کے دیگر صوبوں اور غیر ملکی قیدیوں کو قانون کے مطابق سہولیات ممکن بنائی جاسکیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ ڈسٹرکٹ جیل کے دورے کے موقع پر اصلاحات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا اس موقع پر اسپیشل سیکرٹری محکمہ داخلہ صلاح الدین نورزئی، آئی جی جیل خانہ جات شجاع احمد کاسی اور ڈی جی پی ڈی ایم اے نصیر احمد ناصر، جیل سپرنٹنڈنٹ اسحاق زہری سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر کو چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی خواہش ہے کہ جیلوں کی صورتحال میں بہتری لائی جائے تاکہ قیدیوں کو تمام سہولیات میسر آسکیں ہماری حکومت قیدیوں کوسہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے ہماری کوشش ہے کہ جیل میں مختلف مقدمات میں قیدیوں کے وقت کو کار آمد بنانے کے لئے انہیں ہنرمند بنانے کے ساتھ ساتھ اور تعلیم سے روشناس کرایا جائے تاکہ جیل سے رہائی کے بعد اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے معاشرے کا کار آمد شہری بن سکے اس لئے آج میں نے کوئٹہ ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ کیا ہے تاکہ بیرکوں میں قیدیوں کی سہولیات کا جائزہ لیا جاسکے اور انہیں درپیش مشکلات سے نجات دلائی جاسکے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال ماضی کے مقابلے میں کافی بہتر ہے اکا دکا واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں ہم مانتے ہیں کہ بلوچستان میں امان وامان کی صورتحال آئیڈیل نہیں چند واقعات کو بنیاد بناکر امن وامان کی مخدوش صورتحال سے تعبیر نہیں کیا جاسکتا جیل خانہ جات ملازمین کے مسائل کا حل پہلی ترجیح ہے۔ ملازمین کو الانسز اور دیگر سہولیات فراہم کررہے ہیں اس کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ہماری کوشش ہے کہ حکومت اپنے دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے حالات کو بہتر بناکر ملازمین کو سہولیات دیں انہوں نے کہاکہ حکومت نے جو بھی اقدامات اٹھانے ہیں وہ اپنے وسائل کو ملحوظ خاطر رکھ کر اٹھانے ہیں اس لئے عوام کا حکومت اور اپنے اداروں پر اعتماد بحال ہوگا پولیس کی تنخواہوں میں اضافہ اور جیل خانہ جات کے ملازمین کے الانسز اور دیگر سہولیات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم اپنے وسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے جیل خانہ جات کے ملازمین کو سہولیات اور پولیس کی تنخواہوں کے حوالے سے سمری کابینہ کے ایجنڈے میں شامل ہے کیونکہ کابینہ کے اجلاس میں تمام چیزوں پر تا حال بحث نہیں ہوسکی لیکن ہماری کوشش ہے کہ ان مسائل کے حل کو فوری طور پر ممکن بنایا جاسکے تھانہ انڈسٹریل میں قیدی کے ساتھ انسانیت سوز سلوک کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کی ہے انہوں نے محکمانہ کارروائی کا آغاز کردیا ہے حتمی رپورٹ آنے کے بعد ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی فیزیوتھراپسٹس کے مسائل کے حل کے لئے حکومت کام کررہی ہے اور وہ وزیر اعلیٰ بلوچستان سے بھی ملے ہیں ہماری کوشش ہے کہ ایسے اقدامات اٹھائے جس سے لوگوں کو فائدہ پہنچے مچھ کے علاقے سے اغواء کئے جانے والے کانکنوں کی بازیابی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ حکومت اور ادارے اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے پوری کررہے ہیں۔ کانکنوں کی بازیابی سے متعلق معلومات لے رہا ہوں تا حال مجھے ان کی بازیابی سے متعلق زیادہ علم نہیں کیونکہ میں شہر سے باہر تھااس موقع پر جیل کا دورہ کیا اور قیدیوں سے بات چیت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں