حکومتی ادارے بلا تمیز تخریب کاروں کیخلاف کارروائی کریں، نصر اللہ زیرے

کوئٹہ (انتخاب نیوز) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹری ممبر صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے کی کوئٹہ میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمتپارٹی وفد کی صوبائی سیکرٹری ایم پی اے نصراللہ خان زیرے کے ہمراہ سول ہسپتال کے ٹراما سینٹر جاکر زخمیوں کی عیادت،پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اور ممبر صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے نے اپنے ایک بیان میں کوئٹہ کے علاقے بلیلی میں پولیس وین پر دھماکہ اور دو معصوم بچیوں سمیت چار افراد کے جاں بحق ہونے اور درجنوں کے زخمی ہونے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کے ورثاء سے دلی ہمدردی کا اظہار کیاگیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ عرصہ دراز سے پشتونخوا وطن اور اب جنوبی پشتونخوا کے مختلف شہروں میں تخریب کاری کے واقعات تسلسل کیساتھ ہورہے ہیں جس کی ہمیشہ پشتونخواملی عوامی پارٹی نے مذمت کی ہے۔ ریاست ان تخریب کاروں کی کمین گاہوں اور مراکز کو ختم کرنے سے اجتناب کررہی ہے جس کی وجہ سے اب ایک با ر پھر تخریب کاری کے واقعات ہورہے ہیں۔ لہٰذا حکومتی ادارے بلا تمیز تخریب کاروں کیخلاف کارروائی کریں۔ دریں اثنا پشتونخوا میپ کے نمائندہ وفد نے پارٹی کے صوبائی سیکرٹری ایم پی اے نصراللہ خان زیرے کی قیادت میں سول ہسپتال کے ٹراما سینٹر جاکر زخمیوں کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا اور ڈاکٹروں کو ہدایت کی کہ وہ زخمیوں کی علاج میں کوئی کسر باقی نہ رکھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں