خصوصی افراد کو مختلف شعبوں میں مواقعوں کی فراہمی کیلئے موثر قانون سازی کررہے ہیں، ربابہ بلیدی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) پارلیمانی سیکرٹری قانون و پارلیمانی امور سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں خصوصی افراد کی بہبود کے لئے مو¿ثر قانون سازی پر کام کررہے ہیں خصوصی افراد کے لئے سرکاری ملازمتوں میں مختص کوٹے پر سختی سے عمل درآمد کرایا جاررہا ہے جبکہ خصوصی افراد کو آئی ٹی کے شعبے میں تربیت کے مواقعوں کی فراہمی کے لئے اقدامات اٹھائے جاررہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کیا۔ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ خصوصی افراد کے لئے آئی ٹی بزنس کے اسپیشل کورسز متعارف کروائے جائیں گے جس کے لئے ڈی جی آئی ٹی کو ہدایت جاری کر دی گئی ہیں آئی ٹی شعبے میں تربیت کے بعد خصوصی افراد ایمازون سمیت آن لائن بزنس کے ذریعے مالی خود کفالت کی جانب گامزن ہو سکیں گے ۔انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کی ملازمتوں کے مختص کوٹے میں اضافے کے لئے وزیر اعلیٰ بلوچستان اور کابینہ کے سامنے معاملہ اٹھائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کی صلاحیتیں بروئے کار لانے کے لئے انہیں مختلف شعبوں میں مواقعوں کی فراہمی ضروری ہے اور اس کے لئے جامع حکمت عملی کی تشکیل ضروری ہے ۔


