ایرانی مظاہرین نے پیر سے ملک بھر میں تین روزہ شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال دیدی

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران میں زیرحراست لڑکی کی موت کیخلاف مظاہرے جاری ہیں، ایرانی مظاہرین نے کل سے تین روزہ معاشی ہڑتال کی کال دے دی ہے، مظاہرین نے بدھ کو تہران کے آزادی اسکوائر پر ریلی نکالنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایرانی مظاہرین نے ہڑتال اور ریلی کی کال سوشل میڈیا پر دی ہے۔ دوسری جانب بدھ کو ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا تہران یونیورسٹی میں یوم طلبا پر خطاب بھی ہوگا۔ ایرانی انسانی حقوق گروپ کے مطابق سیکورٹی فورسز کے کریک ڈاؤن میں 64 بچوں سمیت 470 مظاہرین ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 18 ہزار سے زائد مظاہرین کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ ستمبر کے وسط میں حجاب قانون کی خلاف ورزی پر گرفتار 22 سالہ مہسا امینی پولیس کی حراست میں مبینہ طور پر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئی تھی جس کے بعد سے ایران میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں