گوادر،جی او سی 44 اسپیشل سکیورٹی ڈویڑن کی مقامی ماہی گیر برادری سے ملاقات

گوادر(انتخاب نیوز) جی او سی 44 اسپیشل سکیورٹی ڈویڑن نے گوادر کی مقامی ماہی گیر برادری کے نمائندوں سے ایک تفصیلی ملاقات کی- اس موقع پر جی او سی نے شرکائ سے تبادلہ خیال کرتے ہوے کہا کہ گوادر میں پاکستان کے کسی بھی دوسرے خطہ سے کہیں زیادہ صلاحیت موجود ہے۔ گوادر کی خوشحالی میں ماہی گیر برادری کا کلیدی کردار ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ گوادر ، گوادر کے لوگوں کے لیے ہے اور مقامی لوگ ہی گوادر میں خوشحالی کے ضامن ہیں۔جی او سی نے ماہی گیر برادری کے مسائل سنے اور ان کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا- اس موقع پر انہوں نے کہا کہ علاقے میں فوج کی موجودگی کا مقصد علاقے کی ترقی و خوشحالی میں معاونت اور پائیدار امن و استحکام ہے۔ جی او سی نے فوج کی جانب سے گوادر آرمی پبلک سکول میں مقامی ماہی گیر برادری کے بچوں کو مفت داخلہ، سکول یونیفارم اور تعلیم کی فراہمی کوبھی اسی سلسلے کی ایک کڑی قرار دیا۔ جی او سی نے ماہی گیروں کو سی پیک پروجیکٹس میں ملازمت کے لیے تکنیکی تعلیم اور متعلقہ ہنر سیکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور مزید کہا کہ ہنر مند نوجوان گوادر کے روشن مستقبل کے ضامن ہیں۔ جی او سی نے ماہی گیروں کو محکمہ ماہی گیری اور پاکستان کوسٹ گارڈزکی طرف سے غیر قانونی ٹرالنگ کی روک تھام کے لیے کی جانے والی کوششوں سے بھی آگاہ کیا- آخر میں جی او سی نے تمام شرکاءکا شکریہ ادا کیا اور ماہی گیر برادری کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ماہی گیر برادری نے علاقے کی ترقی و خوشحالی اور پائیدار امن و استحکام کے لیے پاک فوج کی کاوشوں کو سراہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں