شاہد خاقان عباسی کا ڈیلی میل کی جانب سے وزیر اعظم سے مانگی گئی معافی کا خیرمقدم
اسلام آباد (انتخاب نیوز)رہنما مسلم لیگ ن شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ثابت ہوا کہ عمران خان جھوٹا ہے، ثابت ہوا کہ شہبازشریف نے کرپشن نہیں کی۔سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے برطانوی اخبار ڈیلی میل کی جانب سے وزیر اعظم شہباز شریف سے مانگی گئی معافی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ثابت ہوا کہ کرپشن نہیں تھی، اس لیے جھوٹا افسانہ گھڑا گیا۔ شاہد خاقان عباسی نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ثابت ہوا کہ وزیراعظم کا اختیار جھوٹ پھیلانے کے لیے استعمال ہوا، ثابت ہوا کہ عمران خان نے اپنی چوریاں چھپانے کے لیےدوسروں کو چور چور کہا۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ علما بتائیں جھوٹا شخص لیڈر ہو سکتا ہے، بہتان اور تہمت لگانے والے کی کیا سزا ہے؟۔شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ بائیس سال سے عمران خان صرف جھوٹ بول رہا ہے، جھوٹ پر جھوٹ بولنے پر عوام عمران خان کی مذمت کرے۔


