سیکرٹری خوراک بلوچستان نے کام سنبھالا تو محکمے کا کوئی ملازم کام نہیں کریگا، سول سیکرٹریٹ آفیسرز یونین
کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان سول سیکرٹریٹ آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر عبدالمالک کاکڑ نے سیکرٹری خوراک کی تعیناتی کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انہوں نے چارج سنبھالا تو محکمہ خوراک میں کوئی بھی ملازم کام نہیں کرے گا اور حالات کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔ اگر چوبیس گھنٹوں میں ہمارے مطالبے پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو ہم سیکرٹریٹ کو بھی بند کرکے احتجاج کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو سول سیکرٹریٹ آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شرکاسے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سیکرٹری فوڈ کی تعیناتی کو مسترد کرتے ہیں اگر انہوں نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالا تو محکمہ خوراک میں کوئی بھی ملازم فرائض سر انجام نہیں دے گا۔ اس لئے حکومت سیکرٹری خوراک کی غیر قانونی اور غیر آئینی تعیناتی کا فیصلہ واپس لے ہم آج سے محکمہ خوراک بند کریں گے۔ اگر حکومت نے چوبیس گھنٹے میں فیصلہ واپس نہ لیا تو ہم احتجاجا حکومت کے اس فیصلے کے خلاف سول سیکرٹریٹ مکمل بند کریں گے کیونکہ صوبے اور عوام کا حق ہے کہ ہم غیر قانونی اقدامات کی روک تھام کو یقینی بنائیں صوبائی حکومت اپنے آخری دنوں میں مجبوری کے تحت ایسے اقدامات نہ اٹھائے کہ کل ہم عوام کے سامنے موجودہ حکومت کا اصلی چہرہ دکھانے پر مجبور ہوں۔ عبدالمالک کاکڑ کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کا احترام اور مقام ہر طبقہ فکر میں ہے ہم نہیں چاہتے کہ حالات خرابی کی طرف جائیں اس لئے حکومت غلط فیصلوں کے ذریعے تعیناتی کافیصلہ واپس لے۔


