سردار اشرف کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے، پشتونستان صوبے کے قیام تک اپنی جدو جہد جاری رکھیں گے، رحیم زیارتوال

لورالائی (انتخاب نیوز) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنماء سردار اشرف خان کاکڑ کے نماز جنازہ کے موقع پر تعزیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پشتونخوا میپ کے سینئر مرکزی وائس چیئرمین عبدالرحیم زیارتوال نے کہا کہ سردار اشرف خان کاکڑ کی پشتون قوم کی محکومی، قومی واک واختیار اور قومی شناخت کیلئے تاریخی جدوجہد کو پارٹی سلام پیش کرتی ہے، انکی موت سے پشتون قومی تحریک کو بہت بڑا نقصان اور دھچکا پہنچا، جسکی تلافی ممکن نہیں۔ ان کی پشتون قوم کی سربلندی کیلئے صبر آزما جدوجہد کو ہمیشہ تاریخ میں یاد رکھا جائیگا، انکی موت انتظامیہ کے منہ پر طمانچہ ہے، ہم کسی کو اپنے سیاسی اور قوم دوست رہنماؤں کا خون ناحق کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دینگے، ملک اور صوبے میں حکومت عدلیہ اور دیگر ادارے موجود ہیں کسی کو حق طلب کرنا ہے تو وہ اپنا جمہوری حق ان اداروں میں ثابت کریں، ہمارا خون بہانے کا کسی کو حق حاصل نہیں ہے اور نہ ہی ہم آئندہ کسی کو قانون اپنے ہاتھوں میں لینے کی اجازت دینگے، حکومت اور ضلعی انتظامیہ فوری طور پر اشرف خان کاکڑ کے قاتلوں کو گرفتار کرکے سزا دے، ہماری تحریک جانثاروں سے بھری پڑی ہے اور ہم اپنی قومی شناخت پشتونستان صوبے کے قیام تک اپنی جدو جہد جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر نوابزادہ محبوب خان جوگیزئی سردار اشرف کاکڑ کے فرزند مرما خیل قوم کے نئے سردار ثاقب خان کاکڑ، جے یو آئی کے ضلعی امیر سابق صوبائی وزیر مولوی فیض اللہ کے بھائی سردار نواب خان کدیزئی و دیگر نے خطاب کیا۔ سردار اشرف کاکڑ کے نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی بعد میں آہوں اور سسکیوں میں آبائی گاؤں درگئی کے قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں