گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول بیلہ کی مخدوش عمارت کے کمروں کا پلاستر گرگیا، طالبات میں خوف و ہراس

بیلہ (انتخاب نیوز) گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول بیلہ کی مخدوش عمارت کے پلاستر گرگئے، اساتذہ اور طالبات معجزانہ طور پر بچ گئیں ڈپٹی کمشنر لسبیلہ صورتحال کا جائزہ لینے پہنچ گئے۔ گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول بیلہ کی تین سال قبل زلزلے سے مخدوش ہونے والی عمارت کے بالائی کمروں کے چھتوں کا پلاستر گرگیا، اسکول کی اساتذہ اور طالبات معجزانہ طور پر بچ گئیں تاہم طالبات میں خوف و ہراس پیدا ہونے سے اسکول میں بھگدڑ مچ گئی۔ واقعے کی اطلاع پاتے ہی طالبات کے والدین اسکول پہنچ گئے جبکہ اسسٹنٹ کمشنر بیلہ حمزہ انجم، تحصیلدار عبدالغفور موندرہ، ڈی ڈی ای او عبدالعزیز رونجھو، ڈی ڈی ای او فیمیل شمیم عزیز بھی اسکول پہنچ گئیں۔ جمعرات کے روز ڈپٹی کمشنر لسبیلہ مراد کاسی نے مخدوش عمارت کا جائزہ لیا اور فوری اقدامات اور طالبات و اساتذہ کو عارضی طور پر دوسری جگہ منتقل کرنے کا یقین دلایا۔ دریں اثنا جمعرات کے روز اسی حوالے سے سیاسی، سماجی رہنما یوسف راہی حبیب اللہ، گلفام چنا، رفیق چنا، اقبال قمر، اسلم خاموش، مشتاق گلاب، توصیف کریم شاہد بلوچ میونسپل کمیٹی بیلہ کے نومنتخب کونسلر قادر لانگو نے گرلز ہائی اسکول بیلہ کی ہیڈ مسٹریس شاہدہ علی اور اسسٹنٹ کمشنر بیلہ حمزہ انجم سے بھی ملاقات کی اور مسئلے کے فوری اور مستقل حل کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں